شادی تقریبات سے غیرشرعی رسومات کو ترک کرنے کی اپیل
نکاح وشادی کی مقدس تقریبات سادگی اور سنت رسول کے عین مطابق منعقد کی جائیں : قاری اسحاق گورا سہارنپور:27 دسمبر (ہ س ) جمعیت دعوت المسلمین کے سرپرست اوردیوبند کے معروف عالم قاری اسحاق گورا نے مسلم شادیوں کی تقریبات میں بڑھتی ہوئی خرافات، ناچ گانے
قاری اسحاق گورا


نکاح وشادی کی مقدس تقریبات سادگی اور سنت رسول کے عین مطابق منعقد کی جائیں : قاری اسحاق گورا

سہارنپور:27 دسمبر (ہ س )

جمعیت دعوت المسلمین کے سرپرست اوردیوبند کے معروف عالم قاری اسحاق گورا نے مسلم شادیوں کی تقریبات میں بڑھتی ہوئی خرافات، ناچ گانے ،غیرشرعی رسومات اورخواتین کے غیر شرعی وقابل اعتراض پوشاک پرسخت اعتراض کیا ہے ۔سنیچر کے روز جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجود ہ وقت میںشادی ونکاح جیسی مقدس سنت کو نام ونمود ،دکھاوا اوربے شرمی و بے حیائی کے ساتھ جھوٹے اسٹیٹس کاذریعہ بنادیا گیا ہے جو بے حد افسوسناک امر ہے ۔قاری اسحاق گوار نے کہا کہ جب وہ مدارس ،مساجد اور دینی اداروں کے علاوہ سڑکوں وگلیوں سے گذرتے ہوئے مسلم طبقہ کی بارات اور شادی کی تقریبات کو دیکھتے ہیں تووہاں ڈھول ،باجے ،ناچ گانا ،ڈی جے اور طرح طرح کی خرافات کے ساتھ ساتھ بے پردہ خواتین اورنوجوان لڑکیوں کودیکھتے ہیں توانہیں احساس ندامت اس سوچ وفکر میں مبتلا کردیتی ہے کہ امت مسلمہ کیا کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پرغور وفکر کرنا چاہئے کہ ہم اسلامی تعلیمات اورسنت رسول کو ترک کرکے نکاح اورشادی تقریبات میں کن فرسود ہ رسومات کو شامل کررہے ہیں اورہم خود ہی اپنی اسلامی تعلیمات کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔اپنے پیغام میں مولانا اسحاق گورا نے کہا کہ سماجی اورمذہبی رہنماﺅں کی جانب سے باربار ان غلط رسومات پر پابندی لگانے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں لیکن ابھی تک قابل ذکر کامیابی نہیں مل پائی ہے ،انہوں نے کہا کہ یہ فرسودہ اورغیر اسلامی رسومات مسلم طبقہ کے لئے ہرگز قابل قبول نہیں ہوسکتیں ۔قاری اسحاق گورا نے کہا کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ناچ ،گانا اوردیگر خرافات کو اپنی شان اورپہچان سمجھنا دینی تعلیمات سے نابلد ہونے کی علامت ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں اصلاح معاشرہ کی سخت ضرورت ہے ،انہوں نے کہا کہ دینی تعلیمات اور سنت رسول کا تقاضا یہ ہے کہ شادی اورنکاح جیسی مقدس تقریبات کے موقع پر سادگی ،شرم وحیاءاورسنت کے دائرہ میں رہ کر ادا کیا جائے تاکہ آنے والی نسل بھی اسی راہ پرگامزن رہ سکے اورعین اسلامی طورطریقوں سے ان کی تربیت ہوسکے انہوں نے اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان بلاوجہ کی شان وشوکت ،نام ونمود اورجھوٹے اسٹیٹس سے باہرنکل کر شادی تقریبات کودین کے مطابق بنانے کی حقیقی کوشش کریں ۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande