صرف ایک روپے میں آخری رسومات ۔ نومنتخب سرپنچ کی مثالی پہل
حیدرآباد، 25 دسمبر (ہ س)۔ تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے برگوپلی گاوں کے نو منتخب سرپنچ ڈی کلیان کمار نے ایک ایسا انقلابی فیصلہ کیا ہے جس کی ہر طرف ستائش ہو رہی ہے۔انہوں نے اپنی پہلی قرارداد میں اعلان کیا ہے کہ گاؤں میں کسی بھی شخص کی موت کی صورت میں
صرف ایک روپے میں آخری رسومات ۔نومنتخب سرپنچ کی مثالی پہل


حیدرآباد، 25 دسمبر (ہ س)۔ تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے برگوپلی گاوں کے نو منتخب سرپنچ ڈی کلیان کمار نے ایک ایسا انقلابی فیصلہ کیا ہے جس کی ہر طرف ستائش ہو رہی ہے۔انہوں نے اپنی پہلی قرارداد میں اعلان کیا ہے کہ گاؤں میں کسی بھی شخص کی موت کی صورت میں ان کی آخری رسومات کے تمام انتظامات گرام پنچایت کی جانب سے صرف ایک روپے میں کئے جائیں گے۔گاؤں میں جب بھی کسی کی موت ہوگی تو اس کے رشتہ داروں کو صرف ایک روپیہ ادا کرنا ہوگا۔ اس کے عوض گرام پنچایت کی جانب سے لاش کو لے جانے کے لئے گاڑی اور شمشان گھاٹ کے لئے درکار تمام ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔

سرپنچ کلیان کمار کا کہنا ہے کہ بیشتر غریب خاندان آخری رسومات کے اخراجات برداشت کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں اسی لئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے تاکہ کسی پر معاشی بوجھ نہ پڑے۔اس کے ساتھ ہی ایک اور اہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ گاؤں میں ہونے والی شادیوں یا سالگرہ کی تقاریب کے موقع پر گرام پنچایت کی جانب سے ہر گھر کو ایک پودا بطور تحفہ دیا جائے گا تاکہ گاؤں کو سرسبز وشاداب رکھا جا سکے۔اس پہلی قرارداد کو گرام پنچایت کے نئے اراکین اور تمام دیہاتیوں نے متفقہ طور پر منظور کیا اور بھرپور تائید کا اظہار کیا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande