
پٹنہ، 25 دسمبر(ہ س)۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج سنجے گاندھی بایولوجیکل پارک(چڑیا گھر) کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران وہاں موجود لوگوں نے خوشی کا اظہار کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ نے ہاتھ ہلا کرلوگوں کا خیر مقدم قبول کیا اور مسکراتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیراعلیٰ نے جنگلی حیاتیات اور پرندوں کا مشاہدہ کیا اور ان کی صحت، سرگرمیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جنگلی حیات کی مناسب دیکھ بھال کی جائے اور ان کی سہولیات کو مناسب طریقے سے خیال رکھیں۔ وزیر اعلیٰ نے سنجے گاندھی چڑیا گھر میں بڑی تعداد میں درخت لگانے پر خوشی کا اظہار کیا۔ بچوں اورآنے والے لوگوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اسکول کے طلباء پر زور دیا کہ وہ جنگلی حیات اور ماحولیات کے بارے میں معلومات میں اضافہ کے لیے زیادہ سے زیادہ چڑیا خانہ کا دورہ کریں۔ انہوں نے ٹایل ٹرین کو جلد از جلد شروع کرنے پر زور دیا۔ ہم نے بار سنجے گاندھی چڑیا خانہ کاکئی مرتبہ دورہ کیا ہے۔ یہاں بہت سے سہولیات فروغ دی گئی ہیں۔ سنجے گاندھی چڑیا خانہ کی بہتر ترقی کے لیے ایک ماسٹر پلان تیار کیا گیا ہے۔ اس پر کام تیز ی سے کریں۔
وزیر اعلیٰ نے چڑیاخانہ کے دورے کے دوران زیبرا کے نوزائیدہ بچے کا نام ''سمریدھی'' رکھا۔ حال ہی میں پٹنہ کے چڑیا گھر میں افریقی ممالک میں پایا جانے والے اہم جنگلی جانور زیبراکے بچے کی پیدائش ہوئی ہے ۔ تقریباً 17 سال بعد زیبراکے بچے کی پیدائش ریاستی حکومت کی جنگلی حیات کی صحت کے انتظام کو بہتر بنانے کی کوششوں کا نتیجہ ہے۔
غور طلب ہے کہ سنجے گاندھی حیاتیاتی پارک (پٹنہ چڑیا خانہ) ملک کا ایک اہم حیاتیاتی پارک اور چڑیا گھر ہے۔ پٹنہ میں نہرو پتھ پر واقع ہے ،اس کا کل رقبہ 153 ایکڑ ہے۔ یہ جگہ جنگلی حیاتیات کے تحفظ، تحقیق کامرکز ہے، جہاں بچے اور زائرین جنگلی حیات کے رویے اور مختلف قسم کے پودوں اور جانوروں کے بارے میں جانکاری حاصل کر تے ہیں۔ پارک میں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں۔ پٹنہ کے چڑیا گھر میں سالانہ تقریبا 23لاکھ سے زیادہ سیاح گھومنے آتے ہیں، جن میں سے اکثریت اسکول کے طلبا کی ہوتی ہے۔ پٹنہ چڑیا گھر میں 93 سے زیادہ قسم کے کے 1122 جنگلی جانور رہتے ہیں، جن میں گینڈے، گھڑیال، زراف، زیبرا، شیر، ہرن، بندر وغیرہ شامل ہے۔ فی الحال، پٹنہ چڑیا گھر میں 10 گینڈے، 200 سے زیادہ گھڑیال اور 6 زراف بھی ہیں۔ پٹنہ کے چڑیا گھر میں بوٹینیکل گارڈن، مچھلی گھر، جھیل میں کشتی رانی، اور ایک آڈیٹوریم بھی ہے، جو اسکول کے بچوں میں بہت مقبول ہیں۔ پٹنہ چڑیا گھر کو ملک کے بہترین چڑیا گھر میں سے ایک سمجھا جاتا ہے، اس کے 80 فیصد سے زیادہ رقبے پر درخت لگائے گئے ہیں۔
صبح آنے والوں کے لیے ایک نیا راستہ بنایا گیا ہے۔ پیدائش سے ہی گینڈے، گھڑیال اور زراف کے بچوں کی نگرانی کے لیے بہتر سہولیات تیار کی گئی ہیں۔ حال ہی میں، ریاستی کابینہ نے پٹنہ چڑیا گھر کے بہتر انتظام کے لیے ایک سوسائٹی کے قیام کو منظوری دی ہے۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری دیپک کمار، محکمہ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے ایڈیشنل چیف سکریٹری آنند کشور، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری انوپم کمار، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری کمار روی، وزیر اعلیٰ کے او ایس ڈی گوپال سنگھ، وزیر اعلیٰ کے سکریٹری ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ، ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم ، سنجے گاندھی بایو لوجیکل پارک کے ڈائرکٹر ہیمنت پاٹل اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan