ایلون مسک دنیا کے پہلے 600 ارب ڈالر سے زائد دولت کے مالک
نیویارک،16دسمبر(ہ س)۔ایلون مسک دنیا کے پہلے فرد بن گئے ہیں جن کی مجموعی دولت 600 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ انکشاف پیر کے روز فوربز میگزین کی جانب سے شائع کردہ حسابات میں کیا گیا۔ دولت میں اس غیر معمولی اضافے کی بنیادی وجہ اسپیس ایکس کے بعض مل
ایلون مسک دنیا کے پہلے 600 ارب ڈالر سے زائد دولت کے مالک


نیویارک،16دسمبر(ہ س)۔ایلون مسک دنیا کے پہلے فرد بن گئے ہیں جن کی مجموعی دولت 600 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ یہ انکشاف پیر کے روز فوربز میگزین کی جانب سے شائع کردہ حسابات میں کیا گیا۔ دولت میں اس غیر معمولی اضافے کی بنیادی وجہ اسپیس ایکس کے بعض ملازمین اور سرمایہ کاروں کی جانب سے اپنے حصص کی فروخت بنی، یہ وہ خلائی کمپنی ہے جس کے مالک خود ایلون مسک ہیں۔ فوربز نے ان سودوں میں طے پانے والی قیمتوں کی بنیاد پر کمپنی کی زیادہ قدر کا اندازہ لگایا جس کے نتیجے میں اسپیس ایکس میں مسک کے حصے کی مالیت بھی نمایاں طور پر بڑھ گئی۔جرمن خبر رساں ایجنسی کے مطابق چند گھنٹے قبل ہی فوربز نے ایلون مسک کی مجموعی دولت تقریباً 500 ارب ڈالر بتائی تھی۔

ایلون مسک کی دولت کا بڑا حصہ الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور خلائی کمپنی اسپیس ایکس میں ان کی ملکیت سے جڑا ہوا ہے۔ ٹیسلا کے برعکس اسپیس ایکس ایک نجی کمپنی ہے جو اسٹاک ایکسچینج میں درج نہیں، اس لیے اس کی قدر کسی عوامی شیئر قیمت سے طے نہیں ہوتی۔ ایسے معاملات میں کمپنی کی مالیت کا تعین فنڈنگ کے ادوار یا ملازمین کی جانب سے حصص کی فروخت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، جو مستقبل میں حقیقی مارکیٹ ویلیو سے خاصی مختلف ہو سکتی ہے۔ملازمین کی جانب سے حصص فروخت کیے جانے والی قیمت کی بنیاد پر فوربز نے اسپیس ایکس کی مجموعی قدر تقریباً 800 ارب ڈالر لگائی ہے، جو اس سے قبل 400 ارب ڈالر سمجھی جا رہی تھی۔ چونکہ ایلون مسک کمپنی کے لگ بھگ 40 فیصد حصص کے مالک ہیں، اس لیے فوربز نے ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ بڑھا کر تقریباً 677 ارب ڈالر کر دیا ہے۔

ایلون مسک کی دولت کو مزید سہارا ٹیسلا میں ان کے تقریباً 12 فیصد حصص سے ملا، جس کے شیئرز رواں برس اب تک 13 فیصد بڑھ چکے ہیں حالانکہ کمپنی کی فروخت میں کمی آئی ہے۔ پیر کے روز ٹیسلا کے شیئرز میں تقریباً 4 فیصد اضافہ ہوا، جب ایلون مسک نے کہا کہ کمپنی ایسی روبوٹک گاڑیوں کی آزمائش کر رہی ہے جن میں اگلی نشست پر سکیورٹی نگرانی کے لیے اسکرین موجود نہیں۔نومبر میں ٹیسلا کے شیئر ہولڈرز نے ایلون مسک کے لیے ایک ٹریلین ڈالر مالیت کے اجرتی پیکیج کی منظوری دی، جو کارپوریٹ تاریخ کا سب سے بڑا معاوضہ پیکیج قرار دیا جا رہا ہے۔ سرمایہ کاروں نے الیکٹرک گاڑیوں کی کمپنی کو مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کی عالمی دیوہیکل کمپنی میں بدلنے کے مسک کے وڑن کی حمایت کی۔اس کے علاوہ ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت سے متعلق نئی کمپنی ایکس اے آئی 15 ارب ڈالر اکٹھا کرنے کے لیے نئے حصص کے اجرا پر اعلیٰ سطحی مذاکرات کر رہی ہے، جس میں کمپنی کی قدر 230 ارب ڈالر لگائی جا رہی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایلون مسک اور نہ ہی ٹیسلا، اسپیس ایکس یا ایکس اے آئی نے تاحال تبصرے کی درخواستوں پر کوئی ردعمل دیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande