
بالاصاحب ٹھاکرے کی برسی پر ادھو اور راج کا مشترکہ خراج عقیدتممبئی، 17 نومبر (ہ س)۔ شیو سینا کے بانی اور مہاراشٹر کی سیاست کی ایک نمایاں شخصیت آنجہانی بالاصاحب ٹھاکرے کی 13ویں برسی پر پیر کے روز ان کے قریبی رشتہ داروں اور پارٹی قائدین نے دادر کے شیواجی پارک میں واقع شیو تیرتھ یادگار پر پہنچ کر انہیں عقیدت پیش کیا۔ ادھو ٹھاکرے، جو اس وقت شیو سینا (یو بی ٹی) کی قیادت کر رہے ہیں، راج ٹھاکرے کے ساتھ بالا صاحب کی یادگار پر حاضر ہوئے اور دونوں نے بالاصاحب کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔اس موقع پر ادھو ٹھاکرے کی اہلیہ رشمی ٹھاکرے، سابق وزیر آدتیہ ٹھاکرے اور پارٹی کے دیگر سرکردہ رہنما بھی موجود تھے۔ یادگار پر حاضری دینے والوں میں شیو سینا (یو بی ٹی) کے ترجمان اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت بھی شامل تھے، حالانکہ وہ ان دنوں طبی معائنے میں ہیں اور انہوں نے صحت کی خرابی کے باعث کچھ مدت کے لیے عوامی سرگرمیوں سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا۔بالاصاحب ٹھاکرے، جنہوں نے 2012 میں 86 برس کی عمر میں دنیا کو الوداع کہا، ریاست میں سیاسی بیداری اور ہندوتوا پر مبنی تحریک کے بنیادی ستون سمجھے جاتے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’’آپ کی بدولت آج بھی ہماری ہمت اور ریڑھ کی ہڈی قائم ہے۔ ہمیں کسی بات سے خوف نہیں۔‘‘ ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے