
جماعت اسلامی کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے حکومت سے مدد کی اپیل کینئی دہلی،17نومبر(ہ س)۔
مدینہ منورہ کے قریب پیش آنے والے عمرہ زائرین کے بس حادثے پر جماعت اسلامی ہند نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے اس الم ناک حادثے پر اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مدینہ کے قریب ہونے والے اس دردناک بس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہیں۔ اس حادثے میں اب تک 42 عمرہ زائرین جاں بحق ہوئے ہیں، جن میں سے اکثر کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ اس مشکل گھڑی میں ہماری دلی تعزیت سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہے۔ سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے زائرین ایک مقدس سفر پر عبادت کے ایک عظیم عمل کی تکمیل کر رہے تھے۔ انہوں نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ? نے فرمایا: حج اور عمرہ ادا کرنے والے اللہ کے مہمان ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ جو لوگ عمرہ کی ادائیگی کے دوران وفات پا گئے، اللہ تعالیٰ انہیں شہادت کا درجہ عطا فرمائے اور ہم دعا کرتے ہیں کہ ربّ کریم ان کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ اللہ تعالیٰ سوگوار اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے اور اس غم کو برداشت کرنے کی ہمت دے۔سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ہم حکومت ہند سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ مرحومین کی میتوں کی فوری وطن واپسی کو یقینی بنائے، حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو مکمل طبی امداد فراہم کرے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد پہنچائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais