
حیدرآباد ، 17 نومبر (ہ س)۔
حیدرآباد سٹی پولیس کمشنر وی سی سجنار سے تلگوفلم انڈسٹری کی نامور شخصیات اداکار چرنجیوی،ناگارجنا،ہدایت کار راجامولی اور پروڈیوسر دل راجو نے ملاقات کی۔ یہ ملاقات حال ہی میں سائبر کرائم پولیس کی جانب سے مشہور پائریسی ویب سائٹ آئی بوما کے ذمہ دار ای روی کی گرفتاری کے بعد ہوئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کمشنر نے بتایا کہ تلگو فلموں کی قزاقی کی وجہ سے فلم انڈسٹری کو بھاری نقصان ہوا ہے اور اسی کو روکنے کے لئے روی کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ روی کے خلاف آئی ٹی ایکٹ اور کاپی رائٹ ایکٹ کے تحت مزید چار مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔کمشنر کے مطابق اس سے پہلے بھی قزاقی کرنے والے پرساد اور شیوراج نامی افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، لیکن روی سماج کے لیے بڑا خطرہ بن چکا تھا کیونکہ وہ پائریسی کے ساتھ ساتھ بیٹنگ ایپس کو بھی فروغ دے رہا تھا، جس کی وجہ سے کئی لوگ متاثر ہوئے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ روی ایک ویب سائٹ بلاک ہونے پر فوراً نئی ویب سائٹ بنا لیتا تھا اوراس طرح وہ تقریباً 65 ویب سائٹس چلا رہا تھا۔اس کی ہارڈ ڈسک میں 21 ہزار فلمیں موجود تھیں، جن میں 1972 کی گاڈ فادر سے لے کر تازہ ترین ریلیزپیجی تک شامل تھیں۔انہوں نے بتایا کہ روی نے قزاقی کے ذریعہ20 کروڑ روپے کمائے تھے، جن میں سے 3 کروڑ پہلے ہی ضبط کئے جا چکے ہیں اوراس کے پاس 50 لاکھ سبسکرائبرس کا ڈیٹا بھی موجود تھا، جو ایک بڑا خطرہ ہے کیونکہ ایسا ڈیٹا سائبر مجرموں کے ہاتھ لگنے سے سنگین مسائل پیداہوسکتے ہیں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ قزاقی کے خلاف کارروائی مستقبل میں بھی سختی سے جاری رہے گی اور فلم انڈسٹری کے مفاد کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں گے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق