
نئی دہلی، 17 نومبر (ہ س)۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے پیر کو سعودی عرب میں ہونے والے المناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں جن42 ہندوستانیوں نے اپنی جان گنوائی ، ان کے خاندانوں کے تئیں میری گہری ہمدری ہے۔“
اروند کیجریوال نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ سعودی عرب میں ہونے والا یہ المناک حادثہ دل دہلا دینے والا ہے۔ انہوں نے کہا، ”میری گہری تعزیت ان 42 ہندوستانیوں کے خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اس سانحہ میں اپنی جانیں گنوائیں۔“
کیجریوال نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر سعودی حکومت سے رابطہ کرکے تمام مرنے والوں اور زخمیوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرے اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں حکومت کی ہر کارروائی بروقت، حساس اور ذمہ دارانہ ہونی چاہیے۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں پیر کی صبح ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ایک بس کے ڈیزل ٹینکر سے ٹکرانے سے بیالیس ہندوستانی ہلاک ہو گئے۔ بس مکہ سے مدینہ جا رہی تھی۔ حادثے کے باعث بس میں آگ لگ گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد