
نئی دہلی،10نومبر(ہ س)۔سروجی نائیڈو سینٹر فار وومینس اسٹڈیز نے نیوگی بکس کے اشتراک سے مورخہ چھ نومبر دوہزار پچیس کو ’ہندوستان میں خواتین قلم کاروں کی آوازوں کے توسط سے ذہنی صحت کا جائزہ‘ کے موضوع پر پینل مباحثے کاانعقاد کیا۔ پروگرام فیکلٹی آف سوشل سائنسس،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ڈین آفس میں سہ پہر ساڑھے تین سے ساڑھے بجے تک ہوا۔ پروگرام کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر مظہر آصف،عزت،مآب شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ تھے اور سرپرست پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی، مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ تھے۔پروفیسر نشاط زیدی،اعزازی ڈائریکٹر،سروجنی نائیڈو سینٹر فار وومینس اسٹڈیزکے پرتپاک خطبہ استقبالیہ کلمات سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ پروگرام کی صدارت پروفیسر نشاط زیدی اعزازی ڈائریکٹر سروجنی نائیڈو سینٹر فار وومینس اسٹڈیز نے کی۔ پروگرام میں بینڈیج مومنٹ کتاب کا رسم اجرا،پروگرام اور پینل کے شرکا کا تعارف شامل تھا۔ بینڈیجڈ مومنٹ کے مختصر افسانوں کی سیریز کی یہ چھبیسویں کتاب ہے جو مختلف ہندوستانی زبانوں کو محیط ہے۔
پینل کے شرکا میں نبینیتا (مدیر و پروفیسر) اور نشا پل گوریلا(مدیر و پروفیسر)نے مختصر افسانوں کو جمع کرنے کے اپنے تجربات بیان کیے اور کشمیری،تیلگو،تمل،گجرازی اور انگریزی زبانوں سے ترجمہ کرنے کے لیے اہل مترجمین کی تلاش کے طریقہ کار کے بارے میں سامعین کو بتایا۔پروفیسر ثمینہ بانو (پروفیسر شعبہ نفسیات، جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے ذہنی صحت کے مسائل پر گفتگو کی اور اس پر زور دیا کہ خواتین کو اس حالت اور چیلنجزکا اکثر و بیشتر سامنا کرنا پڑتاہے۔انہوں نے ابلاغ و ترسیل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ گرچہ یہ موضوعات کافی اہم ہیں تاہم بہت سی درپردہ وجوہات ہیں جن کی وجہ سے لوگ ان پر بات کرنے سے کتراتے ہیں۔
گفتگو کی آخری شریک مترجم لکشمی کنن (شاعر و ناول نویس) نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی صحت کی تدبیر کی جاسکتی ہے اور اسے بہتر کرنے ے سلسلے میں متعدد تدابیر بتائیں۔گفتگو کے اخیر میں ایک مختصر افسانہ پڑھا گیا۔پروگرام کافی کامیاب رہا اور تمام حاضرین نے اسے سراہا۔محترمہ ادیتی (طالبہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے حاضرین و سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر ترنم صدیقی، سروجنی نائیڈو ومینس اسٹڈیز سینٹر اس پروگرام کی کنوینر تھیں۔پروگرام کے انعقاد میں سروجی نائیڈو سینٹر فار وومینس اسٹڈیز،جامعہ ملیہ اسلامیہ ایم۔اے کی طالبات محترمہ زویبا،محترمہ مساسوینی اور محترمہ ادیتی نے اپنا بیش قیمت تعاون دیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais