
جموں, 30 اکتوبر (ہ س)۔ شہری ہوابازی کی وزارت اور ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے کشتواڑ ایئرپورٹ کی توسیع کے مجوزہ منصوبے کا جائزہ لیا۔ یہ منصوبہ مرکزی حکومت کی اُڑان اسکیم کے تحت عمل میں لایا جا رہا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، پانچ رکنی خصوصی ٹیم نے مجوزہ مقام کا دورہ کر کے زمینی سطح پر علاقے کا تفصیلی معائنہ کیا اور توسیع کی امکانات کا جائزہ لیا۔ ٹیم نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔
ایک ضلعی عہدیدار نے بتایا کہ،شہری ہوابازی کی وزارت اور ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے بھیجی گئی ٹیم نے کشتواڑ میں ایئرپورٹ کی ترقی سے متعلق مجوزہ منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ذرائع کے مطابق، ٹیم اپنی رپورٹ متعلقہ اعلیٰ حکام کو پیش کرے گی، جس کے بعد آئندہ لائحۂ عمل تیار کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں مرکزی ڈاکٹر وزیر جتیندر سنگھ نے اعلان کیا تھا کہ کشتواڑ میں ایک مکمل ایئرپورٹ سہولت قائم کی جائے گی اور چوگان گراؤنڈ کے نزدیک موجود ایئراسٹرپ کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا تھا کہ ایئر اسٹرپ کی توسیع کے بعد کشتواڑ میں سال بھر طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی سہولت دستیاب ہو جائے گی، جس سے علاقے کی فضائی رابطہ کاری میں نمایاں بہتری آئے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر