
جموں, 30 اکتوبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کے روز دو سرکاری ملازمین کو مبینہ طور پر دہشت گرد تنظیموں سے روابط کے الزام میں خدمات سے برطرف کرنے کے احکامات جاری کیے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق برطرف کیے گئے ملازمین کی شناخت غلام حسین اور مجید اقبال ڈار کے طور پر ہوئی ہے، جو دونوں محکمہ تعلیم میں بطور استاد تعینات تھے۔ غلام حسین ضلع ریاسی کی تحصیل مہور کے گاؤں کلوہ ملاس سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ مجید اقبال ڈار ضلع راجوری کے کہوڑہ علاقے کے وارڈ نمبر ایک کے رہائشی ہیں۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ علیحدہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے دستیاب شواہد، حقائق اور حالات کا بغور جائزہ لینے کے بعد اطمینان ظاہر کیا ہے کہ دونوں ملازمین کی سرگرمیاں ایسی نوعیت کی ہیں جو ان کی برطرفی کا جواز فراہم کرتی ہیں۔
مزید کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نے آئینِ ہند کے آرٹیکل 311 کی شق (2) کی ذیلی شق (سی) کے تحت یہ فیصلہ کیا ہے کہ ریاستی سلامتی کے مفاد میں ان کے خلاف کسی قسم کی انکوائری عمل میں لانا موزوں نہیں۔قابلِ ذکر ہے کہ حالیہ برسوں کے دوران جموں و کشمیر میں درجنوں سرکاری ملازمین کو اسی بنیاد پر بغیر کسی انکوائری کے خدمات سے برطرف کیا جا چکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر