


وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے بھوپال میں ڈرون ٹیک ورکشاپ ایکسپو 2025 سے خطاب کیا
بھوپال، 30 اکتوبر (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا ہے کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے کی مدد سے ریاست میں ترقی کے ہر ممکنہ اقدامات جاری ہیں۔ ریاستی حکومت نے اپنی نئی ڈرون پالیسی بھی تیار کی ہے۔ ہمیں دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ہندوستانی سماج نئی ٹیکنالوجی اور اختراعات کو اپنانے میں کبھی پیچھے نہیں رہا ہے۔ ڈرون، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک انقلابی تبدیلی ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے جمعرات کو ڈرون ٹیکنالوجی ورکشاپ اور ایکسپو 2025 کا افتتاح بھوپال کے نہرو نگر میں واقع وگیان بھون میں شمع روشن کرکے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون آج زرعی کاموں میں کسانوں کی مدد کر رہا ہے۔ اس سے کھیتوں میں کیڑے مار ادویات کا چھڑکاو آسان ہو گیا ہے۔ ڈرون ٹیکنالوجی سے ملک کے دشمنوں کا خاتمہ بھی ہو رہا ہے۔ اب تو شادیاں بھی ڈرون کے بغیر مکمل نہیں ہوتیں۔ ہمارے سائنسداں وائس کمانڈ کنٹرول کی مدد سے ڈرون کو مزید جدید بنا رہے ہیں۔ دنیا نے آپریشن سندور کے ذریعے ہندوستانی ڈرون ٹیکنالوجی کی طاقت دیکھی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے ہندوستان نے دشمن کو اس کے گھر میں گھس کر نشانہ بنایا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اس موقع پر لگائی گئی نمائش اور ورکشاپ کا افتتاح کیا اور اس کا مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو مختلف تعلیمی اداروں، اسٹارٹ اپ اور صنعتی اداروں کے اسٹالز پر پہنچ کر ڈرون ٹیکنالوجی کے تعلیمی، صنعتی اور زرعی شعبوں میں استعمال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ڈرون ٹیک ایکسپو ورکشاپ کا انعقاد ہندوستان کی تکنیکی انقلاب کی علامت ہے۔ یہ ڈرون کسان بھائیوں کے لیے نعمت بن گیا ہے۔ چاہے آفات کی صورتحال ہو یا پولیس انتظامیہ کے لیے نگرانی کی ضرورت، ڈرون ٹیکنالوجی نے زندگی کے مختلف شعبوں میں جس طرح تبدیلی کی ہے وہ بے مثال ہے۔ ریاستی حکومت ترقی، جدت اور خود انحصاری کے مضبوط ذریعے کے طور پر ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال کے راستے پر آگے بڑھ رہی ہے۔
مدھیہ پردیش سائنس و ٹیکنالوجی ایجوکیشن کونسل کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر انیل کوٹھاری نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے 70ویں یوم تاسیس کے موقع پر ڈرون ٹیک ورکشاپ ایکسپو 2025 کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس میں ڈرون ٹیکنالوجی کی تربیت کے لیے ریاست بھر کے 4 ہزار سے زیادہ طلبہ نے رجسٹریشن کروایا ہے۔ ورکشاپ میں ماہرین انہیں خود روزگار اور ٹیکنالوجی پر مبنی اہم معلومات فراہم کریں گے۔ سائنس اور تکنیکی اختراعات کے ذریعے مدھیہ پردیش سائنس و ٹیکنالوجی ایجوکیشن کونسل ہر سطح پر ریاست کی ترقی کے لیے تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
اسکول آف پلاننگ اینڈ آرکیٹیکچر بھوپال کے ڈائریکٹر کیلاش راو نے کہا کہ آج ڈرون ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر کی ترقیاتی کاموں کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اجین سمیت ریاست کے اہم تاریخی مقامات کے نقشے تیار کرنے میں یہ ٹیکنالوجی موثر ثابت ہوئی ہے۔ ڈرون ٹیکنالوجی پر مبنی یہ ورکشاپ نوجوانوں میں سائنسی سوچ کو فروغ دینے اور عام لوگوں کو ڈرون ٹیکنالوجی کے مختلف استعمالات سے آگاہ کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری سائنس و ٹیکنالوجی ایجوکیشن سنجے دوبے نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی قیادت میں ریاست میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مختلف سرگرمیاں جاری ہیں۔ ریاست کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع میسر آ رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ڈرون ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے پرعزم ہیں۔ ڈرون اب صرف دفاع یا نگرانی کا ذریعہ نہیں رہے بلکہ زراعت، جیوسروے، ماحولیاتی تحفظ، آفات کے انتظام، صحت خدمات، نقل و حمل، صنعت اور میڈیا جیسے متعدد شعبوں میں موثر ثابت ہو رہے ہیں۔ ہندوستان حکومت کی ’’ڈرون پالیسی 2021‘‘ اور ’’میک ان انڈیا‘‘ مہم کے مطابق ریاستی سطح پر بھی ڈرون ٹیکنالوجی کو جدت، اسٹارٹ اپ اور روزگار کے نئے مواقع کے طور پر فروغ دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن