
نئی دہلی، 30 اکتوبر: بی جے پی کی چار انجن والی حکومت دہلی والوں کو پینے کا پانی تک مہیا نہیں کرا پا رہی ہے۔ بی جے پی حکومت نے دیولی اسمبلی حلقے کے سنگم وہار علاقے میں لگے ہوئے پانی کے ٹینکر ہٹا دیے ہیں۔ پانی کی شدید قلت سے پریشان لوگ جمعرات کو سڑکوں پر نکل آئے اور سنگم وہار میں آئے دہلی کے وزیرِ آبرسانی پرویش ورما کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ دیولی سے عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے پریم چوہان کی قیادت میں مقامی لوگوں نے بی جے پی حکومت اور وزیرِ آبرسانی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ٹینکر دوبارہ لگانے یا پائپ لائن کے ذریعے پانی مہیا کرانے کا مطالبہ کیا۔ اس دوران موقع پر پہنچی دہلی پولیس نے آپ کارکنان کے ساتھ کئی مقامی لوگوں کو حراست میں لے لیا۔سرد موسم کے باوجود دہلی میں بڑھتے ہوئے پانی کے بحران پر آپ کے دہلی پردیش کنوینر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ دہلی کی جھوٹی حکومت نے سنگم وہار (دیولی اسمبلی) سے پانی کے ٹینکر ہٹا دیے ہیں، جس سے عوام سخت پریشان ہیں۔ پانی کی زبردست قلت ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب موسم ٹھنڈا ہے اور یمنا ندی میں اتنا پانی موجود ہے تو پھر دہلی میں پانی کی یہ کمی کیوں؟ الیکشن کے دوران لوگوں کو 1100 روپے دینے والے پرویش ورما اب وزیرِ آبرسانی ہیں اور آج ان کا سنگم وہار میں زبردست احتجاج ہوا۔ لوگوں نے ہٹائے گئے ٹینکر دوبارہ لگانے یا پائپ لائن سے پانی دینے کی مانگ کی۔وزیرِ آبرسانی پرویش ورما کے خلاف احتجاج کے دوران دیولی سے آپ ایم ایل اے پریم چوہان نے کہا کہ ہم مسلسل وزیر پرویش ورما سے ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں۔دیولی اسمبلی حلقے کے عوام کی شکایت ہے کہ یہاں پہلے حکومت کی طرف سے روزانہ 20 ٹینکر آتے تھے، لیکن انہیں ہٹا کر بی جے پی ایم ایل اے کے علاقے میں بھیج دیا گیا۔ یہ علاقہ پانی کے بحران سے دوچار ہے۔ پہلے جو 70 ٹینکر دستیاب ہوتے تھے ان کی تعداد بھی کم کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیولی اسمبلی کے لیے مختص 31 کروڑ روپے کا فنڈ بی جے پی حکومت نے واپس لے لیا، جس سے سڑکوں اور دیگر ترقیاتی کام رک گئے ہیں۔ یہ سب عوام کی شکایات ہیں۔ پریم چوہان نے شکایتی خطوط دکھاتے ہوئے کہا کہ میں یہ شکایات بی جے پی وزیر پرویش ورما کو پیش کروں گا۔ یہ ہزاروں لوگوں کی آواز ہے جو درخواستوں کے ذریعے میرے پاس پہنچی ہیں۔ لیکن پولیس مجھے روک رہی ہے اور کہہ رہی ہے کہ آپ وہاں نہیں جا سکتے۔ پرویش ورما دیولی اسمبلی کے عوام کے بھی وزیر ہیں، انہیں ہماری بات سننی ہوگی اور علاقے میں پانی کے مسئلے کا حل نکالنا ہوگا۔ یہاں کے بی جے پی کے چھوٹے موٹے لیڈر عوام کا جینا محال کر رہے ہیں۔ انہیں پانی نہیں دیا جاتا، ان کے ٹینکر کاٹے جاتے ہیں اور کہیں اور موڑ دیے جاتے ہیں۔ دیولی اسمبلی میں ٹینکر مافیا خوب پھل پھول رہا ہے اور حکومت آنکھ، کان، منہ بند کیے بیٹھی ہے۔پریم چوہان نے کہا کہ دیولی اسمبلی میں بنیادی سہولیات جو حکومت کی جانب سے پہلے فراہم کی جاتی تھیں وہ بحال رہنی چاہئیں۔ ٹینکر نہ ہٹائے جائیں، سڑک کی تعمیر کے لیے روکا گیا فنڈ فوراً واپس کیا جائے تاکہ ہم اپنے علاقے کے عوام کا کام مکمل کر سکیں۔ جو ٹینکر لے لیے گئے ہیں وہ فوراً واپس دیے جائیں۔ ہم پانی کے لیے یہاں کھڑے ہیں، ہمیں وزیرِ آبرسانی پرویش ورما سے ملنے دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ہمیں پرویش ورما سے ملنے نہیں دے رہی۔ پورا پولیس نظام ایکا کر چکا ہے تاکہ ایم ایل اے کوئی کام نہ کر سکے۔ عوام پانی مانگ کر کوئی جرم نہیں کر رہی ہے۔ ہم پُرامن طریقے سے وزیرِ آبرسانی سے ملنا چاہتے ہیں۔ اگر پولیس ملاقات کی اجازت دے گی تو ہم صبر سے انتظار کریں گے، ورنہ ہم وزیر سے ملنے کی کوشش کرتے رہیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais