
جموں, 30 اکتوبر (ہ س)جموں و کشمیر حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ مختلف محکموں میں مجموعی طور پر 17 ہزار 953 سرکاری اسامیاں طویل عرصے سے خالی پڑی ہیں، جن میں 2 ہزار 960 گزٹیڈ اور 14 ہزار 993 نان گزٹیڈ عہدے شامل ہیں۔
یہ معلومات قانون ساز اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران ممبر اسمبلی وحید الرحمان پرا کے ایک تحریری سوال کے جواب میں پیش کی گئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، محکمہ صحت و طبی تعلیم میں سب سے زیادہ اسامیاں خالی ہیں، جن میں 1,985 گزٹیڈ اور 5,300 نان گزٹیڈ عہدے شامل ہیں۔ اس کے بعد محکمہ مالیات میں 104 گزٹیڈ اور 1,457 نان گزٹیڈ آسامیاں مخلُوص ہیں۔
اسی طرح پی ڈی ڈی میں 61 گزٹیڈ اور 1,436 نان گزٹیڈ آسامیاں، محکمہ صنعت و حرفت میں 45 گزٹیڈ اور 1,130 نان گزٹیڈ اسامیاں، جبکہ محکمہ تعمیرات عامہ (آر اینڈ بی) میں 1,099 نان گزٹیڈ آسامیاں خالی ہیں۔
اعلیٰ تعلیم محکمہ میں 475 گزٹیڈ اور 214 نان گزٹیڈ، زراعت محکمہ میں 4 گزٹیڈ اور 322 نان گزٹیڈ، اور دیہی ترقی محکمہ میں 109 نان گزٹیڈ آسامیاں پُر نہیں ہو سکی ہیں۔
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں 105 گزٹیڈ اور 167 نان گزٹیڈ، جبکہ اے آر آئی ڈیپارٹمنٹ میں 1 گزٹیڈ اور 158 نان گزٹیڈ آسامیاں خالی ہیں۔ خوراک، شہری رسدات و امور صارفین میں 378 نان گزٹیڈ، محکمہ جنگلات میں 130، اور محنت و روزگار محکمہ میں 40 نان گزٹیڈ آسامیاں خالی ہیں۔
اسی طرح محکمہ اطلاعات ٹیکنالوجی میں 14 گزٹیڈ اور 128 نان گزٹیڈ آسامیاں، جل شکتی محکمہ میں 987 نان گزٹیڈ، اور محکمہ قانون میں 3 گزٹیڈ اور 21 نان گزٹیڈ آسامیاں خالی ہیں۔حکومت کے مطابق، تمام محکموں کی تفصیلی فہرست جموں و کشمیر پبلک سروس کمیشن اور جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کو ارسال کی گئی ہے، تاکہ ان اسامیوں پر بھرتی کے عمل کو جلد از جلد مکمل کیا جا سکے۔قابلِ ذکر ہے کہ کئی اہم محکموں میں عملے کی کمی کے باعث انتظامی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے، جس کے پیشِ نظر حکومت نے بھرتی کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر