
سہارن پور، 27 اکتوبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے سہارن پور کے شیخ پورہ قدیم گاوں میں ٹائر سے تیل نکالنے والی فیکٹری میں اتوار کی شام بوائلر پھٹنے سے آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں دو مزدور ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کیا گیا جبکہ مردہ افراد کے جسم پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔
ابتدائی تفتیش اور پوچھ گچھ میں معلوم ہوا کہ بوائلر کی پائپ کے درمیان دو مزدور ویلڈنگ کر رہے تھے کہ اچانک بوائلر پھٹ گیا اور آگ لگ گئی۔ اس کے بعد گیس لیک ہونے لگی۔ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ زخمی مزدور باہر نہیں نکل پائے اور دم گھٹنے سے دونوں کی موت ہو گئی۔ موت کی صحیح وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گی۔
دیہات کوتوالی علاقے کے گاوں شیخ پورہ قدیم کے قریب گزشتہ ہفتے ہی ٹائر سے تیل نکالنے والی فیکٹری بی این پائرو لائسس انڈسٹریز کا افتتاح ہوا تھا۔ فیکٹری کے مالک کا نام برجیش پرجاپتی ہے۔ زخمی مزدوروں کو دیوبند کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والے 27 سالہ شعیب کا تعلق کلیئر شریف علاقے سے تھا جبکہ 50 سالہ کالو مظفر نگر سے آ کر اس فیکٹری میں کام کر رہا تھا۔ ان کے علاوہ فیکٹری کے مالک برجیش پرجاپتی سمیت مزدور سہیل، وشال اور جتندر بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ایس پی سٹی ویوم بندل نے بتایا کہ حادثہ کیسے ہوا اس کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ حادثے کے اسباب جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو یہ معلوم کرے گی کہ حادثہ کیسے ہوا۔ فی الحال تمام زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ مہلوکین کے اہل خانہ بھی دیر رات ضلع اسپتال پہنچ گئے تھے۔ اہل خانہ میں غم کی لہر ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن