
ممبئی میں امت شاہ نے ماہی گیری کے جدید جہازوں کا کیا افتتاح
۔ ماہی گیروں
کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کشتیوں کی تقسیم
ممبئی،
27 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ امت
شاہ نے آج ممبئی کے مجھگاوں ڈاک میں گہرے سمندر میں ماہی گیری کے لیے تیار کردہ دو
جدید جہازوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منتخب ماہی گیروں کو ان جہازوں کی علامتی
چابیاں اور رجسٹریشن سرٹیفکیٹ فراہم کیے گئے۔ افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ دیویندر
فڑنویس، نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار سمیت مرکزی وزیر مرلیدھر
موہول بھی موجود تھے۔
یہ
منصوبہ ہندوستان میں کو آپریٹیو قیادت والے ماہی گیری کے شعبے کو مضبوط کرنے کی سمت
ایک نمایاں پیش رفت ہے۔ ہر جہاز کی قیمت 1.2 کروڑ روپے ہے، جسے حکومت مہاراشٹر، نیشنل
کوآپریٹو ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور مرکزی محکمہ ماہی پروری کی مالی مدد حاصل ہے۔ یہ
اقدام وزیر اعظم نریندر مودی کے آتم نر بھرت وژن اور ملک کی نیلگوں معیشت کو فروغ
دینے کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری
بیان کے مطابق، اس پروگرام کا بنیادی مقصد گہرے سمندر میں ماہی گیری کو جدید
بنانا، آپریشنز کو وسعت دینا اور کوآپریٹیو اداروں کو خصوصی اقتصادی زون اور بین
الاقوامی سمندروں میں مچھلی کے وسائل تلاش کرنے کے قابل بنانا ہے۔
مرکزی
حکومت نے وزارت تعاون اور وزارت ماہی پروری کے اشتراک سے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ شکیل
دیا ہے تاکہ کوآپریٹیو اور فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز ذریعے گہرے سمندری منصوبوں
کو فروغ دیا جا سکے۔ یہ گروپ جدید آلات اور تکنیکی تربیت کے ذریعے ماہی گیروں کو
پائیدار انداز میں وسائل کے استعمال کے قابل بنائے گا۔
روایتی
طور پر ہندوستانی ماہی گیر چھوٹے پیمانے پر کام کرتے ہوئے 40 تا 60 سمندری میل کے
دائرے میں محدود رہتے ہیں، جس سے ان کی آمدنی اور پیداوار کم رہتی ہے۔ یہ نئی پہل
انہیں وسیع سمندری حدود میں کام کرنے کی اجازت دے گی۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے ٹونا
جیسی قیمتی مچھلیوں کی پیداوار میں اضافہ ہوگا اور لکشدیپ، انڈمان اور نکوبار
جزائر جیسے علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔
یہ جہاز
جدید ڈیجیٹل نیویگیشن سسٹمز، حفاظتی آلات اور ماحول دوست ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں،
جو نہ صرف ماہی گیری کی کارکردگی کو بہتر بنائیں گے بلکہ ماحولیاتی توازن کو بھی
برقرار رکھیں گے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے سمندری خوراک کی برآمدات میں اضافہ
اور ساحلی معیشت کو نمایاں فروغ حاصل ہوگا۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے