
کاکیناڈا، 27 اکتوبر (ہ س)۔ خلیج بنگال میں شروع ہونے والے سمندری طوفان ’مونتھا‘ کا اثر ساحلی علاقوں میں محسوس ہونا شروع ہو گیا ہے۔ کاکیناڈا کے ساحل پر ایک میٹر تک اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں۔ توقع ہے کہ یہ منگل کی رات کاکیناڈا کے قریب ساحل کو عبور کرے گا۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے اندر آندھرا پردیش کے آٹھ اضلاع میں سیلاب کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
طوفان مونتھا کی وجہ سے ریاست کے ساحلی اضلاع میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ اس بارش کے نتیجے میں وشاکھاپٹنم، وجیا نگرم، پرکاشم، سری پوٹی سریرامولو نیلور، اننت پور، چتور اور کڈپہ اضلاع میں سیلاب کا امکان ہے۔ آندھرا پردیش ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ایم ڈی پرکھر جین نے کہا کہ سمندری طوفان کے ساحل کے قریب آنے کے ساتھ ہی اس کا اثر بڑھتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طوفان گزشتہ چھ گھنٹوں میں 17 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آگے بڑھا ہے۔
یہ فی الحال چنئی سے 480 کلومیٹر، کاکیناڈا سے 530 کلومیٹر، اور وشاکھاپٹنم سے 560 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس کے مغرب-شمال مغرب کی طرف بڑھنے اور منگل کی صبح تک ایک شدید گردابی طوفان کی شکل اختیار کرنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی پیش گوئی کی ہے کہ یہ منگل کی رات تک کاکیناڈا کے قریب ساحل کو عبور کرے گا۔ جین نے کہا کہ لوگوں کو محتاط رہنا چاہئے کیونکہ اس مدت کے دوران 90-110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔
کونسیما ضلع میں بنے 120 بحالی مراکز
کونسیما کلکٹر آر مہیش کمار نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ انتظامی ٹیمیں طوفان کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ضلع کے ساحلی علاقے کے 30 کلومیٹر کے دائرے میں رہنے والے لوگوں کے لیے 120 بحالی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحالی مراکز میں رہنے والوں کو کھانا اور رہائش فراہم کی جائے گی اور آج شام سے بچوں میں دودھ تقسیم کیا جائے گا۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اس وقت تک باہر نہ نکلیں جب تک کہ سمندری طوفان ساحل سے نہ گزر جائے۔
طوفان مونتھاکی وجہ سے 100 ٹرینیں منسوخ
خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان مونتھا کی وجہ سے ریلوے حکام کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مسافروں کی حفاظت کے لیے تقریباً 100 ٹرین خدمات منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایسٹ کوسٹ ریلوے نے طوفان کے اثرات کی وجہ سے مختلف علاقوں کے درمیان 43 ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں، جبکہ جنوبی وسطی ریلوے کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ وجے واڑہ ریلوے ڈویژن کے تحت مزید 54 ٹرینیں منسوخ کی جا رہی ہیں۔ 27، 28 اور 29 اکتوبر کو منسوخ کی گئی ان ٹرینوں کی فہرست سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کے ساتھ شیئر کی گئی۔ حکام نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفر سے پہلے ٹرین کی حالت کا جائزہ لیں۔ منسوخ شدہ ٹرینوں میں گوداوری ایکسپریس بھی شامل ہے جو آج وشاکھاپٹنم سے حیدرآباد کے لیے روانہ ہونے والی تھی۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد