
کلبرگی، 27 اکتوبر (ہ س)۔ کرناٹک کے کلبرگی ضلع کے چت پور میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے پنتھ سنچلن سے متعلق تنازعہ کو حل کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ نے پہل کی ہے۔ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد ضلع انتظامیہ نے 28 اکتوبر کو امن اجلاس بلایا ہے۔
اسی تناظر میں کلبرگی ضلع کلکٹر کے دفتر میں منگل کو صبح 11;30 بجے امن میٹنگ بلائی گئی ہے۔ آر ایس ایس اور بھیم آرمی سمیت دس تنظیموں کو اس میٹنگ کی اطلاع دی گئی ہے۔ ضلع کلکٹر نے ہر تنظیم کے تین تین نمائندوں سے کہا ہے کہ وہ میٹنگ میں شرکت کریں اور اپنی تحریری رائے ضلع انتظامیہ کو پیش کریں۔ انتظامیہ نے اس امن اجلاس کا انعقاد ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق کیا ہے۔
چت پور میں آر ایس ایس کے پنتھ سنچلن کے معاملے نے اب سیاسی رخ اختیار کر لیا ہے۔ چت پور وزیر پریانک کھڑگے کا حلقہ ہے۔ ریاست کے دیگر حصوں میں، آر ایس ایس کے پنتھ سنچلن بغیر کسی پریشانی کے نکل رہے ہیں، لیکن صرف چتپور میں ہی حالات کشیدہ ہیں۔ اب امن میٹنگ کے ذریعے حل تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اجلاس کے بعد ضلع انتظامیہ عدالت میں رپورٹ پیش کرے گی اور پنتھ سنچلن کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ آنے والے دنوں میں عدالت کے فیصلے پر ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد