
انوپ پور، 27 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے انوپ پور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسٹیشن سے پیر کی صبح گزر رہی مال گاڑی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ امبیکا پور سے کٹنی کی جانب کوئلے سے بھری مال گاڑی میں اچانک آگ لگ گئی، جس سے ہائی ٹینشن لائن چھو جانے پر زور دار دھماکے کے ساتھ چنگاریاں نکلنے لگیں۔ اس دوران کچھ دیر کے لیے ٹرینیں رکی رہیں۔ اس واقعے کے بعد حکام نے جانچ کی بات کہی ہے۔
امبیکا پور سے کٹنی کی جانب جانے والی کوئلے سے بھری مال گاڑی سے انوپ پور ریلوے اسٹیشن میں اچانک آگ کے شعلے بلند ہونے لگے، جس سے ہائی ٹینشن لائن چھو گئی اور زور دار دھماکے کے ساتھ چنگاریاں اٹھنے لگیں۔ اس دوران کچھ دیر کے لیے ٹرینوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔ جیتہری، چولہا اور موہری ریلوے اسٹیشنوں پر کئی ٹرینیں روکی گئیں۔ حادثے کے وقت پلیٹ فارم نمبر 1 پر ریوا-چرمری پسنجر ٹرین کھڑی تھی اور مسافر بھی آمد و رفت کر رہے تھے۔ مال گاڑی دوسری پٹری پر ہونے کی وجہ سے کوئی بڑا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق مال گاڑی میں اوور لوڈ جیسا مسئلہ نہیں ہو سکتا، کیونکہ ہر جگہ اس کی جانچ کی جاتی ہے۔ کوئلہ فطری طور پر جلنے والا ہے، اس کے اندر کبھی کبھار دھواں نکلنے اور چنگاری جیسی صورتحال پیدا ہونے سے او ایچ ای کیبل کے گل کر ٹوٹنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ کافی دیر تک مال گاڑی سے چنگاریاں نکلتی رہیں۔ ریلوے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مال گاڑی کو پلیٹ فارم نمبر 4 کے اضافی یارڈ میں کھڑا کر دیا۔ واقعے کے بعد بھی کچھ چنگاریاں نکلتی دیکھی گئیں اور اسٹیشن کے احاطے میں بجلی کے تار ٹوٹ کر پٹری پر گر گئے، جس سے مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ای آر ایم آر ایس موہنٹی نے بتایا کہ مال گاڑی امبیکا پور سے کوئلہ لے کر کٹنی کی طرف جا رہی تھی۔ گاڑی اوور لوڈ ہو کر یارڈ سے کیسے نکلی، اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ فی الحال لائن کی مرمت کا کام جاری ہے۔ حادثے کے بعد برونی-گونڈیا ایکسپریس کو جیتہری ریلوے اسٹیشن پر روکا گیا تھا۔ اسے ایک نمبر پلیٹ فارم سے ایک گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ کیا جا سکا۔ ریوا-چرمری ایکسپریس کو انوپ پور میں ہی ایک گھنٹے تک روک کر رکھا گیا۔ تین مال گاڑیاں جیتہری اور املائی میں روکی گئی تھیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن