
کوالالمپور، 26 اکتوبر (ہ س)۔ ملیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں آج سے دو روزہ آسیان سربراہی اجلاس شروع ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں وزیراعظم نریندر مودی ورچوئل ذریعہ سے شامل ہوں گے۔ ہندوستان کی طرف سے وزیر خارجہ ایس جے شنکر اس میں حصہ لے رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اس اجلاس میں شرکت کے لیے ملیشیا پہنچ گئے ہیں۔
کوالالمپور میں آج سے شروع ہونے والے دو روزہ آسیان سربراہی اجلاس کا موضوع ’’انکلوسیویٹی اینڈ سسٹنیبلیٹی‘‘ (شمولیت اور پائیداری) ہے۔ آسیان جنوب مشرقی ایشیا کے دس ممالک کا پلیٹ فارم ہے، جہاں تجارت، سلامتی، تعلیم اور ثقافت جیسے امور پر گفتگو ہوگی۔
وزیراعظم نریندر مودی اس اجلاس میں ورچوئل ذریعہ سے شامل ہوں گے۔ اس سے پہلے وزیراعظم مودی نے ملیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے بات چیت کر کے واضح کیا کہ وہ 47ویں آسیان سربراہی اجلاس کے لیے کوالالمپور نہیں جائیں گے بلکہ ورچوئل ذریعہ سے اس میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ کر کے یہ اطلاع دی۔
اس سربراہی اجلاس میں امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ بھی حصہ لے رہے ہیں جو ملیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کر کے تھائی لینڈ-کمبوڈیا سرحدی تنازعہ پر امن معاہدے کو حتمی شکل دیں گے۔ سال 2017 کے بعد ٹرمپ پہلی بار آسیان سربراہی اجلاس میں حصہ لے رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن