
اندور، 25 اکتوبر (ہ س)۔ خواتین کے کرکٹ عالمی کپ کے 26ویں میچ میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنا پہلا مقام برقرار رکھا۔ ہندوستانی ٹیم اب سیمی فائنل میں کینگروز سے ٹکرائے گی۔ یہ میچ 30 اکتوبر کو نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
ہفتے کو اندور میں کھیلے گئے لیگ مرحلے کے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم صرف 24 اوورز میں 97 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ الانا کنگ نے سات وکٹیں لے کر مخالف ٹیم کی بلے بازی کی کمر توڑ دی۔الانا کنگ کی کیریئر کی بہترین گیندبازی (18 رن کے عوض 7 وکٹیں) کی بدولت آسٹریلیا نے ہفتہ کو یہاں خواتین کے ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ کو 24 اوورز میں صرف 97 رن پر ڈھیر کردیا۔ کنگ کے اسپن جادو نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ موجودہ دور کی سب سے زیادہ ہنر مند کلائی اسپنرز میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے خواتین کے ون ڈے میں اپنے کیریئر کی بہترین کارکردگی پیش کی۔ یہ نہ صرف خواتین کے ون ڈے میں کسی آسٹریلیائی گیند باز کی بہترین کارکردگی ہے بلکہ ورلڈ کپ کے کسی میچ میں کسی گیندباز کی اب تک کی بہترین کارکردگی بھی ہے۔
جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولوارڈٹ (31) ابتدائی چھ اوورز میں سات چوکے لگاتے ہوئے اچھی فارم میں نظر آئیں۔ انہوں نے میگن شٹ کی بے ترتیب لائن کا بھرپور فائدہ اٹھایا، ایک ہی اوور میں چار چوکے مارے۔ وولوارڈٹ کی پراعتماد اننگز بھی اس وقت ختم ہوگئی جب وہ شٹ کی گیند پر شارٹ مڈ وکٹ پر کنگ کے ہاتھوں شاندار کیچ آو¿ٹ ہوگئیں۔ اس کے فوراً بعد تزمین برٹس کی 19 گیندوں پر چھ رن کی اننگز کا خاتمہ کم گارتھ نے کیا۔
اس کے بعد کنگ کی اسپن کے خلاف جنوبی افریقی بلے باز مکمل طور پر بے بس نظر آئے۔ انہوں نے پہلے سنی لوس کو آو¿ٹ کیا، جنہوں نے جارحانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش کرتے ہوئے مڈ آن پر اینابیل سدرلینڈ کو آسان کیچ دیا۔ اس کے بعد کنگ نے مارزانے کپ کو ایک بڑا شاٹ کھیلنے کا لالچ دیا، اور وہ ان کی چال میں پھنس گئیں۔ کپ کو گارتھ نے اسکوائر کے پیچھے کیچ کیا، جس سے جنوبی افریقہ کا اسکور چار وکٹ پر 43 رن ہوگیا۔
سینالو جافتا (29) نے 15ویں اوور میں اینابیل سدرلینڈ کی گیند پر تین چوکے لگا کر واپسی کی کوشش کی، لیکن کنگ نے اگلے ہی اوور میں اینری ڈرکسن کو بولڈ کرنے کے بعد کلو ٹرایون کو مڈ وکٹ پر ایشلی گارڈنر کے ہاتھوں کیچ کروا کر اپنا دبددبہ برقرار رکھا۔ جافتا نے نادن کلارک کے ساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے پانچ چوکے لگائے، لیکن کنگ نے ان کا آف اسٹمپ اکھاڑ کر اننگز کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد جنوبی افریقہ کے ٹیلنڈر زیادہ دیر نہ چل سکے اور پوری ٹیم 100 رن سے پہلے ہی آل آوٹ ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کے ذریعہ دیئے گئے 97رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلیا کی بھی شروعات خراب رہی اور اس کی پہلی وکٹ پھوئبے لچفیلڈ کے طور پر محض 6رن کے مجموعی اسکور پر گر گئی ۔ اس کے بعد ایلیسا پیری بھی صفر کے ذاتی اسکور پر اس وقت آوٹ ہو گئیں جب ٹیم کا اسکور محض 11رن تھا۔ اس کے بعد جورجیا وال اور بیتھ مونی نے اچھی شراکت داری کر ٹیم کے مجموعی اسکور کو 87رن تک پہنچا دیا۔ اسی اسکور پر بیتھ مونی 42رن بناکر آوٹ ہو گئیں ۔ اس کے بعد اینابل سدرلینڈ اور جارجیا وال نے باقی کے رن بناکر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ جارجیا وال 38گیند پر 7چوکوں کی مدد سے 38رن بناکر ناٹ آوٹ رہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد