جموں, 21 اکتوبر (ہ س)جموں زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس بھیم سین توتی نے منگل کو کہا کہ جموں ڈویژن میں روزانہ 100 سے زائد انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں، جب کہ گھنے جنگلات میں غیر ملکی دہشت گردوں کی موجودگی ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہے، جسے ختم کرنے کے لیے پولیس اور سیکورٹی فورسز مسلسل کوششیں کر رہی ہیں۔
آئی جی پی نے پولیس یادگاری دن کے موقع پر جموں ریلوے اسٹیشن کے نزدیک پولیس شہداء میموریل پر منعقدہ تقریب میں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔
پولیس یادگاری دن ہر سال 21 اکتوبر کو اُن دس بہادر سی آر پی ایف اہلکاروں کی یاد میں منایا جاتا ہے، جنہوں نے 1959 میں لداخ کے ہاٹ اسپرنگس علاقے میں چین کی بھاری مسلح افواج کے حملے میں وطن کی خاطر اپنی جانیں نثار کیں۔
آئی جی پی توتی نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے غیر ملکی دہشت گرد جموں خطے کے لیے ایک بڑا چیلنج بنے ہوئے ہیں، تاہم سیکورٹی فورسز انسدادِ دہشت گردی اور سرحدی سلامتی کے نظام کو مزید مضبوط بنا رہی ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جلد ہی جنگلات میں چھپے ان دہشت گردوں کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ جموں زون میں روزانہ تقریباً 120 آپریشنز کیے جاتے ہیں ، کچھ خفیہ اطلاعات پر مبنی اور کچھ احتیاطی نوعیت کے ہوتے ہیں۔یہ ہمارا روزمرہ کا فریضہ ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری بنیادی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔
آئی جی پی توتی نے مزید کہا کہ جموں زون میں دہشت گردی کے خلاف لڑتے ہوئے جو اہلکار شہید ہوئے ہیں وہ ہماری فہرستِ شہداء کا ایک حصہ ہیں۔ ہمارے کئی ساتھی ایسے بھی ہیں جو ٹریفک فرائض یا جرائم کے خلاف کارروائیوں کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔ ہم ان تمام بہادر اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے قوم کے لیے قربانیاں دیں۔
انہوں نے شہداء کے اہل خانہ کے تئیں دلی ہمدردی اور احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس ہمیشہ اُن کی قربانیوں کی مقروض رہے گی۔
پولیس یادگاری دن کے سلسلے میں پیر کو پولیس ہیڈکوارٹر جموں میں خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پولیس کے مختلف ونگز اور اضلاع سے تعلق رکھنے والے 125 اہلکاروں نے رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کیا۔
دوسری جانب، جموں ڈویژن کے تمام دس اضلاع میں یادگاری تقریبات منعقد ہوئیں، جن میں سینئر پولیس افسران، ریٹائرڈ اہلکاروں، شہداء کے لواحقین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر