جموں, 21 اکتوبر (ہ س)جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے اپنے حالیہ بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے ریمارکس کو غلط طور پر پیش کیا گیا اور ان کا مقصد سرینگر کے رکن پارلیمان سید آغا روح اللہ مہدی کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔
چودھری نے بتایا کہ اُن کا بیان، جو ایک عوامی تقریب کے دوران دیا گیا تھا، دراصل بی جے پی کے ایک امیدوار کے حوالے سے تھا، لیکن تقریب کے دوران ہجوم اور شور شرابے کے باعث غلط فہمی پیدا ہوگئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ میں آغا روح اللہ مہدی کا بے حد احترام کرتا ہوں۔ وہ ایک معزز رہنما اور سرینگر کے عوام کے منتخب نمائندے ہیں۔ میرے بیان میں کسی قسم کی ذاتی یا سیاسی تنقید کا کوئی مقصد شامل نہیں تھا۔
نائب وزیر اعلیٰ کی یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب اُن کے پچھلے بیان پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا، جہاں متعدد صارفین نے اُن کے تبصرے کی نیت پر سوال اٹھائے تھے۔
سریندر چودھری نے مزید کہا کہ وہ تمام عوامی نمائندوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات برقرار رکھنے کے حامی ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ رہنماؤں کے درمیان باہمی احترام ہی بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کے لیے ناگزیر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر