شاہجہاں پور، 17 اکتوبر (ہ س)۔ اترپردیش کے شاہجہاں پور ضلع کے پووایاں تھانے کے علاقے میں کل دیر رات 25000 روپے کے انعامی بدمعاش اور پولیس کے درمیان اس وقت تصادم ہوا جب بدمعاش موٹر سائیکل پر نیپال فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے بدمعاش زخمی ہوگیا۔ پولیس نے زخمی بدمعاش کو سرکاری اسپتال میں داخل کرایا ہے، جہاں اس کا علاج چل رہا ہے۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (دیہات) بھانورے دیکشا ارون نے جمعہ کو بتایا کہ جمعرات کی دیر رات، پووایاں تھانہ علاقے میں ڈی پی ایس اسکول کے نزدیک بائی پاس پل کے قریب، قتل کے ایک معاملے میں مطلوب 25,000 روپے کا انعامی بدمعاش اور پولیس کے درمیان تصادم ہو گیا۔ خود کو گھیرے میں دیکھ کربدمعاش نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں کانٹ تھانہ علاقہ کے کملین پور گاوں کا رہنے والا دانش (27) ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔
اے ایس پی نے بتایا کہ دانش اور اس کے ساتھی گرو سیوک اور اجے عرف امرجیت سنگھ نے کچھ دن پہلے ستار گنج جانے کے لیے پووایاں تھانہ علاقے سے ایک گاڑی بک کرائی تھی۔ تاہم، ملزمین نے روضہ تھانے کے علاقے میں لے جاکر گاڑی ڈرائیور اونیش دیکشت (42) کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔ لاش وہیں چھوڑ کر گاڑی چوری کر لی۔
دوسری جانب کچھ دن قبل لکھنو¿ ضلع کے تھانہ پاڑہ علاقے میں ایک انکاونٹر کے دوران پولیس نے ہردوئی ضلع کے رہنے والے بدمعاش اجے عرف امرجیت سنگھ کو گرفتار کیا تھا۔پوچھ گچھ کے دوران ملزم اجے نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے شاہجہاں پور کے پووایاں تھانہ علاقہ کے رہنے والے گرسیوک اور دانش کے ساتھ مل کر اس واردات کو انجام دیا تھا۔
بھانورے دیکشا ارون نے کہا کہ گرسیوک پہلے ہی تھانہ پارہ پولیس کے ساتھ ایک تصادم میں مارا جا چکا ہے۔ پولیس دانش کو تلاش کر رہی تھی۔ اس کے خلاف مختلف تھانوں میں کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ دانش نیپال فرار ہونے کی نیت سے موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا۔ پولیس نے واقعے کے دوران اسے گرفتار کرلیا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد