بقیہ یرغمالیوں کے بارے میں خبر جلد ملنے کی امید : نیتن یاہو
تل ابیب، 15 اکتوبر (ہ س)۔ اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو نے منگل کو کہا کہ غزہ میں باقی ماندہ یرغمالیوں کے بارے میں معلومات ’’چند گھنٹوں میں‘‘ ملنے کی امید ہے۔
نیتن یاہو نے وسطی اسرائیل کے ایک اسپتال میں رہائی پانے والے یرغمالیوں سے ملاقات کے دوران کہا، ’’ہمیں امید ہے کہ چند گھنٹوں کے اندر مہلوک یرغمالیوں کی واپسی کی خبر موصول ہو جائے گی لیکن ہمارا عزم ہے کہ ہر ایک کو واپس لایا جائے گا۔‘‘
اسرائیل نے منگل کے روز غزہ کے لیے انسانی امداد کو آدھا کر دیا اور مقتول یرغمالیوں کی لاشوں کی واپسی میں تاخیر پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے رفح بارڈر کراسنگ کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہیں حماس کا کہنا ہے کہ کچھ مردہ یرغمالیوں کی باقیات کو برآمد کرنے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے کیونکہ غزہ کے کئی حصوں میں ملبے میں دفن ہونے کی جگہوں کا پتہ نہیں چل پارہا ہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اتوار کے روز اس مشکل کو تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ممکن ہے کہ کچھ یرغمالی کبھی واپس نہ آئیں۔‘‘ غزہ جنگ کے دوران یرغمالیوں کی رہائی اور باقیات کی واپسی پر جاری تناو اب انسانی بحران اور سفارتی تنازعہ کا ایک نیا مرکز بن گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن