شیوپور، 13 اکتوبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں شیوپور ضلع کے وجے پور تھانہ علاقے کے تحت آنے والے لکشمن پورہ گاوں میں پیر کی صبح مٹی کا ٹیلہ گرنے سے چھ افراد زمین کے نیچے دب گئے۔ حادثے میں ایک 12 سالہ لڑکی کی موت ہو گئی، جب کہ پانچ دیگر زخمی ہیں جنہیں وجے پور سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق دیوالی کی تیاریوں میں مصروف لکشمن پورہ گاوں کی کچھ خواتین پیر کی صبح گاوں کے باہر ایک ٹیلے پر اپنے گھروں کو پلستر کرنے کے لیے مٹی جمع کرنے گئی تھیں۔ بچے بھی ان کے ساتھ تھے۔ مٹی کھودتے ہوئے اچانک ٹیلہ گر گیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے شور مچایا تو گاو¿ں والے وہاں پہنچ گئے۔ وہ بیلچوں اور ہاتھوں سے مٹی ہٹانے لگے۔ اس دوران پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور گاوں والوں کی مدد سے مٹی میں دبے لوگوں کو باہر نکالا اور اسپتال لے گئی، لیکن تب تک ایک لڑکی کی موت ہوچکی تھی۔ ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ اس دوران دیگر لوگوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا اور ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔
وجے پور تھانہ انچارج راکیش شرما نے بتایا کہ حادثے میں ایک لڑکی کی موت ہو گئی ہے۔ متوفی کی شناخت 12 سالہ شیوانی کے طور پر کی گئی ہے جو لکشمن پورہ کے رہنے والے پان سنگھ کشواہا کی بیٹی ہے۔ وہ چھٹی جماعت کی طالبہ تھی۔ شیوانی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پانچ دیگر افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں کرن کشواہا کی بیٹی عاشقی(8)، لالپت کشواہا کی بیٹی انوشکا (11)، منوج کشواہا کا بیٹا یوگیش (8)، کیدار کشواہا کا بیٹا منو (8) اور کیدار کشواہا کی بیوی پونم شامل ہیں، سبھی لکشمن پورہ گاوں کے رہنے والے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمیوں کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ وجے پور کے ایس ڈی ایم ابھیشیک مشرا نے بھی اسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں کے بہتر علاج کی ہدایت دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد