نئی دہلی،22جنوری(ہ س)۔
اسکول کے تعلیمی نظام سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے امریکہ کے اقلیتی اداروں کے وفد نے جامعہ سینئر سکینڈری اسکول(جے ایس ایس ایس) کا دورہ کیا۔ مختلف اقلیتی اداروں اورکالج کے فیکلٹی اراکین پر مشتمل وفد نے ہندوستان میں تعلیمی عمل سے متعلق معلومات کے لیے جامعہ سینئر سیکنڈری اسکول،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے اساتذہ سے ملاقات کی۔
ڈاکٹرمحمد ارشد خان،پرنسپل،جے ایس ایس ایس نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ڈاکٹر غزالہ صدیقی،لیکچرر انگریزی نے ہندوستان میں اسکول کے تعلیمی نظام سے متعلق وفد کے سامنے ایک جامع جائزہ پیش کیا۔جامعہ میں بین علومی اپروچ کے استعمال سے متعلق انھوں نے وفد کو آگاہ کرایا۔مزید برآں محترمہ فائزہ صدیقی،لیکچرر انگریزی نے تعلیمی سال میں انجام پانے والی مختلف غیر نصابی سرگرمیوں سے متعلق وفد کو بتایا۔وفد نے اساتذہ سے بات چیت کی اور اسکول کے کام کاج اور معلمین کو درپیش مسائل سے متعلق جاننا چاہا۔اس موقع پر انھوں نے بھی اپنے تجربات ساجھا کرتے ہوئے امریکہ کے تعلیمی نظام میں درپیش مسائل اورچیلنجیز بھی بتائے۔بات چیت اور آرا و افکار کے تبادلے سے متعلق یہ دورہ کافی اہم رہا جس سے دونوں ملکوں کے اسکولی تعلیم میں درپیش مسائل کی بہتر تفہیم میں مدد ملی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais