برطانیہ میں کرپشن کے الزامات لگے تھے، بنگلہ دیش حکومت نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا
نئی دہلی، 15 جنوری (ہ س)۔
بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ اور ہندوستان میں پناہ لینے والے ان کے خاندان کی مشکلات میں کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ شیخ حسینہ کی بھتیجی برطانیہ کی وزیر خزانہ ٹیولپ صدیقی کو شدید دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے برطانیہ کے وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ان کی جگہ لیبر پارٹی کی ایم پی ایما رینالڈس کو نیا وزیر خزانہ بنایا گیا ہے۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے برطانوی حکومت سے ٹیولپ صدیقی کی جائیدادوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ ٹیولپ صدیقی کے پاس بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کی جانب سے مبینہ گھوٹالے سے متعلق اثاثے ہوسکتے ہیں۔
شیخ حسینہ کی بہن کی بیٹی ٹیولپ صدیقی برطانیہ میں لیبر پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ہیں۔ حال ہی میں ان پر کرپشن کے ساتھ ساتھ لندن میں اپنی جائیدادوں کے بارے میں شفافیت نہ رکھنے کا بھی الزام لگایا گیا تھا۔ ان تمام الزامات کی وجہ سے ایم پی ٹیولپ صدیقی نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کیر اسٹارمر کو بھیج دیا تھا۔ انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا کہ ان پر جو بھی الزامات لگائے جا رہے ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے کام میں مکمل شفافیت برقرار رکھی۔ اس کے علاوہ جو بھی فیصلے ہوئے اس میں سینئر افسران کی رائے بھی لی گئی۔ اس کے بعد بھی اخلاقی بنیادوں پر وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے رہی ہوں۔ ان کا استعفیٰ برطانوی وزیر اعظم نے قبول کرلیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ