منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث چار ملزمان گرفتار
گوہاٹی 14 جنوری (ہ س)۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ منی پور کے چورا چند پور میں مقیم بدنام زمانہ ٹوتھنگ ڈرگز فیملی میزورم سے کامروپ کے ہاجو اور گوریشور کے اسمگلروں کو منشیات سپلائی کرنے جارہی ہے۔ منشیات ایک سفید اسکارپیو (اے ایس- 11 این- 3141) میں لائی جا رہی تھی۔
منگل کو آسام پولس ہیڈ کوارٹر کی طرف سے دی گئی معلومات کے مطابق، اطلاع کی بنیاد پر، ایس ٹی ایف کی ٹیم بشمول ایڈیشنل ایس پی کلیان پاٹھک نے آج صبح امینگاؤں میں گاڑی کو روکا۔ گاڑی میں ڈرائیور اونخوگین ٹوتھنگ اور ساتھی ڈرائیور تھانگخیلین موجود تھے۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران خفیہ خانوں سے 94 صابن کے ڈبوں/ پیکٹوں میں چھپائی گئی 1 کلو 128 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اس کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 9 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔
اس کے بعد نورالحسین ساکنہ دام پور، ہاجو اور بتول علی ساکنہ گوریشور کو بھی گرفتار کیا گیا۔ اس سلسلے میں مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی