نئی دہلی، 04 ستمبر (ہ س)۔ متھرا کے کرشن جنم بھومی کیس میں مسلم فریق نے الہ آباد ہائی کورٹ کے ٹرائل کورٹ سے ہائی کورٹ کو منتقل کی گئی 18 درخواستوں کو قابل سماعت قرار دینے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ ہندو فریق پہلے ہی اس معاملے میں کیویٹ داخل کر چکا ہے۔
یکم اگست کو الہ آباد ہائی کورٹ نے متھرا کرشن جنم بھومی شاہی عیدگاہ تنازعہ کیس میں 18 عرضیوں کو سماعت کے قابل سمجھا تھا۔ ہائی کورٹ نے ان 18 درخواستوں پر بیک وقت سماعت کرنے کا مطالبہ بھی قبول کر لیا تھا۔ ہندو فریق کی جانب سے دائر ان 18 درخواستوں میں متنازعہ مقام کو شری کرشن کی جائے پیدائش قرار دے کر ہندوؤں کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی