سوپور، 21 نومبر ( ہ س): شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں میونسپل کمیٹی (ایم سی) کے دفتر وترگام میں اچانک معائنہ کے دوران کم از کم 14 ملازمین بغیر اجازت کے غیر حاضر پائے گئے، جب کہ دو دیگر کو منسلک کر دیا گیا۔عہدیدار نے بتایا کہ معائنہ کے بعد، ایڈیشنل ڈی سی سوپور، ایس اے رینا نے غیر مجاز غیر حاضری کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور ایم سی کے ایگزیکٹو آفیسر (ای او) سے وضاحت طلب کرنے کی ہدایت کی۔ غیر حاضر ملازمین کے خلاف ضروری اقدامات میں آدھے دن کی تنخواہ کی کٹوتی بھی شامل ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ای او کو دو دن کے اندر ایکشن ٹیکن رپورٹ (اے ٹی آر) پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس کے علاوہ حاضری رجسٹر میں بھی سنگین بے ضابطگیاں دیکھنے میں آئیں۔ عہدیدار نے مزید کہا کہ شوکت احمد اور بلال احمد غیر حاضر ملازمین کی حاضری کو نشان زد کرتے ہوئے پائے گئے، جس کے بعد، دونوں عہدیداروں کو انکوائری مکمل ہونے تک تحصیلدار وترگام کے دفتر سے منسلک کردیا گیا۔غیر حاضر پائے جانے والے ملازمین میں عبداللطیف گنائی، عمر فاروق بیگ، شوکت احمد کالو، منیرہ بانو، شاہینہ کوثر، ریاض احمد قادری، غلام احمد ملہ، عبدالرشید لون، محمد اشرف یتو، غلام قادر گوجری، جاوید احمد، محمد شفیع لون رفیقہ بانو اور اعجاز احمد شامل ہیں۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mir Aftab