کولکاتا، 11 اکتوبر (ہ س)۔ آر جی کرمعاملے میں انصاف کا مطالبہ کرنے والے جونیئر ڈاکٹروں کا انشن جمعہ کو ساتویں روز بھی جاری ہے۔ 120 گھنٹے سے زیادہ کے بعد جونیئر ڈاکٹر انیکیت مہتو کو جمعرات کی رات تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ تاہم دھرمتلہ میں چھ دیگر ڈاکٹروں کی بھوک ہڑتال اب بھی جاری ہے۔
انیکیت کی بگڑتی ہوئی حالت کو دیکھتے ہوئے ان کے علاج کے لیے پانچ رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ بورڈ آر جی کر اسپتال کے سی سی یو سربراہ ڈاکٹر سوما مکھوپادھیائے کی قیادت میں تشکیل دیا گیا ہے جس میں شعبہ نیفرالوجی کے ڈاکٹر کنی لال کرماکر، شعبہ میڈیسن کے ڈاکٹر سدیپت بندیوپادھیائے، امراض قلب کے ماہر ڈاکٹر وشوادیپ مجومدار اور ڈاکٹر سوجوئے کمار رائے شامل ہیں۔ دھرم تلہ میں چھ دیگر ڈاکٹروں تانیہ پانجا،ا سنیگھا ہازرا، انستوپ مکوپادھیائے، ارنب مکوپادھیائے اور پلستیہ آچاریہ کی بھوک ہڑتال ابھی تک جاری ہے۔ بھوک ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں نے مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال پر رہنے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب جمعہ کی صبح ’جوائنٹ پلیٹ فارم آف ڈاکٹرس‘ نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو خط لکھ کر صحت کے شعبے میں جونیئر اور سینئر ڈاکٹروں کے مطالبات کو پورا کرنے کے لیے مداخلت کی درخواست کی ہے۔ خط میں بتایا گیا کہ ڈاکٹروں نے یہ مسئلہ گزشتہ تین روز سے وزیر اعلیٰ کے سامنے اٹھایا لیکن تاحال کوئی حل نہیں نکل سکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد