ایٹا نگر، یکم اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ آج مرکز کی مودی حکومت میں غریبوں اور چھوٹے کاروباریوں کے لیے بینکوں سے قرض حاصل کرنا بہت آسان ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب جن دھن یوجنا، مدرا یوجنا جیسی اسکیموں کی وجہ سے ممکن ہو رہا ہے۔
مرکزی وزیر خزانہ سیتا رمن نے منگل کو اروناچل پردیش کے دارالحکومت ایٹا نگر میں کریڈٹ آو¿ٹ ریچ پروگرام کے دوران مختلف سرکاری اسکیموں کے استفادہ کنندگان سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ لوگ بینکوں سے بغیر کسی رخنہ اندازی یا طویل دستاویزات کے ان اسکیموں کا فائدہ اٹھا سکیں۔ مرکزی وزیر خزانہ نے کہا کہ کریڈٹ آو¿ٹ ریچ پروگرام حکومت کو اس بات کا جائزہ لینے کے قابل بناتا ہے کہ آیا فلاحی اسکیمیں حقیقت میں عام لوگوں کو فائدہ پہنچا رہی ہیں یا نہیں۔ اس پروگرام کے دوران مرکزی وزیر نے مختلف سرکاری اسکیموں کے تحت کل 160 مستفیدین کو قرض کی منظوری کے خطوط سونپے۔
اس سے قبل انہوں نے سرکاری ثانوی اسکولوں کے طلبا میں تقریباً 50 سائیکلیں تقسیم کیں، جو سی ایس آر اسکیم کے ذریعے چلائی جارہی ہیں۔
اس موقع پر موجود وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت کے تحت ریاست بہت تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور ریاست میں بینکنگ سیکٹر بھی مضبوط ہو رہا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں میں ریاست میں تمام شعبوں میں بہت سی اصلاحات کی گئی ہیں۔ اگرچہ ہمیں جغرافیائی طور پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن ہمارے فوائد بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے تحت دیہی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ ریاست کے قدرتی وسائل کو بروئے کار لا کر ہماری ریاست بہتر ہو رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزیر خزانہ تین روزہ دورے پر اروناچل پردیش پہنچی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد