ممبئی، 20 دسمبر ( ہ س)۔ معاشی محاذ پرجھٹکا دینے والی خبر آئی ہے۔ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل دوسرے ہفتے کمی درج کی گئی ہے۔ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 13 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 1.988 بلین ڈالر کم ہو کر 6 ماہ کی کم ترین سطح 652.87 بلین ڈالر پر آ گئے۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے جمعہ کو جاری کردہ اعداد و شمار میں کہا ہے کہ 13 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 1.98 بلین ڈالر کم ہو کر 652.87 بلین ڈالر رہ گئے۔ گزشتہ ہفتے زرمبادلہ کے ذخائر 3.23 بلین ڈالر کم ہو کر 654.85 بلین ڈالر رہ گئے تھے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے غیر ملکی کرنسی کے اثاثے جو کہ زرمبادلہ کے ذخائر کا ایک اہم جزو سمجھے جاتے ہیں، 3.04 بلین ڈالر کی کمی کے ساتھ 562.57 بلین ڈالر رہ گئے۔ تاہم اس عرصے کے دوران سونے کے ذخائر کی ریزرو ویلیو 1.12 بلین ڈالر بڑھ کر 68.05 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔
آر بی آئی کے اعداد و شمار کے مطابق اسپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آر) 35 ملین ڈالر کم ہو کر 17.99 بلین ڈالر رہ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پاس ہندوستان کے ذخائر 27 ملین ڈالر کم ہو کر 4.24 بلین ڈالر رہ گئے۔
قابل ذکر ہے کہ ستمبر کے مہینے میں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 704.88 ارب ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔ گزشتہ چند ہفتوں میں ملک کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ ری ویلیویشن اور روپے میں اتار چڑھاو کو کم کرنے کے لیے غیر ملکی کرنسی مارکیٹ میں آر بی آئی کی مداخلت کو قرار دیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد