جیسلمیر/نئی دہلی، 20 دسمبر (ہ س)۔ مرکزی خزانہ اور کارپوریٹ امور کی وزیر نرملا سیتا رمن نے جمعہ کو راجستھان کے جیسلمیر میں آئندہ مرکزی بجٹ 2025-26 کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک میٹنگ کی۔ نرملا سیتا رمن کی زیر صدارت اس میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں (بشمول قانون ساز اسمبلی) کے وزرائے اعلیٰ، وزرا اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔
وزارت خزانہ نے 'ایکس' پوسٹ پر جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔وزارت کے مطابق، وزیر خزانہ سیتا رمن، مرکزی وزیر مملکت برائے خزانہ پنکج چودھری کے ساتھ گوا، ہریانہ، جموں و کشمیر، میگھالیہ اور اڈیشہ کے وزرائے اعلیٰ، اروناچل پردیش ،بہار، مدھیہ پردیش، راجستھان اور تلنگانہ کے نائب وزرائے اعلیٰ، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے خزانہ، اقتصادی امور اور اخراجات کے محکموں کے سکریٹریز اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ قبل ازیں جیسلمیر ہوائی اڈے پر پہنچنے پر مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کا راجستھان کی نائب وزیر اعلیٰ دیا کماری، بی جے پی کارکنوں اور ریاستی حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں نے پرتپاک استقبال کیا۔
قابل ذکر ہے کہ آئندہ مالی سال 2025-26 کا مرکزی بجٹ یکم فروری 2025 کو پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ یہ سیتا رمن کامسلسل آٹھواں بجٹ اور مودی حکومت کی تیسری میعاد کا دوسرا مکمل بجٹ ہوگا۔ یہ بجٹ 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ایک پالیسی سمت فراہم کرے گا۔
ہندوستھا ن سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد