
چوفلا سپے سڑک پر ایس ٹی بس حادثہ زخمی طلبہ کو فوری علاج کی ہدایت
پونے، 16 ستمبر (ہ س)۔ چوفلا سپے سڑک پر بدھ کی صبح ریاستی سڑک ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایس ٹی بس کو پیش آنے والے بھیانک حادثے کا ریاست کی نائب وزیر اعلیٰ سنیٹرا پوار نے فوری نوٹس لیا۔ اس حادثے میں سپے کی ودیا پرتشٹھان اسکول کے 30 سے 40 طلبہ زخمی ہوئے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ سنیٹرا پوار نے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور اسکول کے پرنسپل سے فون پر رابطہ کرکے زخمی طلبہ کو فوری طور پر بہترین طبی علاج فراہم کرنے کی ہدایت انتظامیہ کو دی۔
طلبہ روز کی طرح ایس ٹی بس کے ذریعے اسکول جارہے تھے کہ صبح کے وقت یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہریوں اور انتظامیہ نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کردی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے طلبہ کو فوری علاج کے لیے پاٹس، چوفلا اور لونی کال بھور کے اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔
حادثے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سنیٹرا پوار نے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور ودیا پرتشٹھان اسکول کے پرنسپل سے بات کی اور زخمی طلبہ کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو جائے حادثہ اور اسپتالوں میں ضروری تمام امدادی کام تیزی سے انجام دینے کی ہدایت بھی دی۔ انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ زخمی طلبہ کا اسپتال میں علاج جاری ہے اور ان کی حالت مستحکم ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ نے والدین اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی طرح گھبرائیں نہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے