
نئی دہلی، 16 ستمبر (ہ س)۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے پنجاب نیشنل بینک کے سہارنپور واقع کرنسی چیسٹ سے برآمد جعلی بھارتی کرنسی سے متعلق معاملے میں ایک اور ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ اس کی شناخت آدیش چودھری کے طور پر ہوئی ہے، جو کرنسی چیسٹ میں کنٹریکٹ ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا۔
این آئی اے کے مطابق، آدیش چودھری سہارنپور کے قطب شیر تھانہ علاقے کا رہنے والا ہے اور معاملے کی سازش میں شامل اہم ملزمان میں سے ایک ہے۔ یہ معاملہ پنجاب نیشنل بینک کی سول لائنز واقع کرنسی چیسٹ سے جعلی نوٹوں کی برآمدگی سے متعلق ہے۔
این آئی اے نے بتایا کہ 29 اگست کو سہارنپور کے صدر بازار تھانے کو پنجاب نیشنل بینک کے کرنسی چیسٹ سے 17.29 کروڑ روپے مالیت کے جعلی بھارتی کرنسی نوٹ ملنے کی اطلاع دی گئی تھی۔ تفتیش کے دوران بینک کے تین ملازمین کے ملوث ہونے کی بات بھی سامنے آئی تھی، جس کے بعد انہیں معطل کر دیا گیا۔
یہ معاملہ ابتدا میں 29 اگست کو صدر بازار تھانے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 178 کے تحت درج کیا گیا تھا۔ بعد میں 3 ستمبر 2026 کو این آئی اے نے اسے اپنے ہاتھ میں لے کر دوبارہ درج کیا۔
اس سے قبل این آئی اے 7 ستمبر کو نامزد ملزم امت کمار کو گرفتار کر چکی ہے۔ ایجنسی نے کہا کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور دیگر ملزمان اور مشتبہ افراد کے کردار کی جانچ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد