جرائم پر قابو پانے کے لیے جمشیدپور میں لگائے جائیں گے 300 نئے سی سی ٹی وی کیمرے
مشرقی سنگھ بھوم، 16 ستمبر (ہ س)۔ شہر میں بڑھتے جرائم پر قابو پانے اور جرائم کے واقعات کے بعد ملزمان کی شناخت یقینی بنانے کے لیے پولیس نے نگرانی کا نظام مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو ایس ایس پی ڈاکٹر احتشام کی صدارت میں منعقدہ ماہانہ کرائ
جرائم پر قابو پانے کے لیے جمشیدپور میں لگائے جائیں گے 300 نئے سی سی ٹی وی کیمرے


مشرقی سنگھ بھوم، 16 ستمبر (ہ س)۔ شہر میں بڑھتے جرائم پر قابو پانے اور جرائم کے واقعات کے بعد ملزمان کی شناخت یقینی بنانے کے لیے پولیس نے نگرانی کا نظام مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو ایس ایس پی ڈاکٹر احتشام کی صدارت میں منعقدہ ماہانہ کرائم ریویو میٹنگ میں شہر میں 300 اضافی سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ نئے کیمرے بنیادی طور پر شہر کے داخلے اور خارجی راستوں پر نصب کیے جائیں گے، تاکہ باہر سے آنے والے مشتبہ افراد اور واردات کے بعد شہر سے فرار ہونے والے مجرموں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جا سکے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ شہر میں پہلے سے نصب سرکاری سی سی ٹی وی کیمروں میں چار پانچ کیمرے خراب ہیں۔ انہیں بھی جلد درست کرایا جائے گا۔ نئے کیمروں کے ذریعے شہر میں داخل ہونے اور باہر نکلنے والی گاڑیوں اور مشتبہ سرگرمیوں کی نگرانی کی جائے گی۔ اس سے جرم کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کو ٹریس کرنے میں پولیس کو مدد ملنے کی امید ہے۔

میٹنگ میں پرانے مقدمات میں مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی مہم چلانے کی ہدایت بھی دی گئی۔ تمام تھانہ انچارجز اور تفتیشی افسران سے زیر التوا مقدمات میں تیزی لانے اور نئے مقدمات میں شواہد کی بنیاد پر مضبوط چارج شیٹ داخل کرنے کو کہا گیا، تاکہ عدالت میں مقدمات کی مؤثر پیروی کی جا سکے۔

آئندہ درگا پوجا، کرما پوجا اور چھٹھ پوجا کے پیش نظر پولیس نے سکیورٹی کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ تہواروں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس گشت بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام تھانہ علاقوں میں الگ الگ میٹنگ کرکے مقامی سطح پر سکیورٹی انتظامات اور بھیڑ کو کنٹرول کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

میٹنگ میں سڑک حادثات میں کمی لانے کے لیے نئے ٹریفک سیفٹی پلان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ جلد ہی سڑک کی حفاظت کے حوالے سے الگ میٹنگ منعقد کی جائے گی، جس میں شہر کے ٹریفک نظام اور حادثات والے علاقوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نیا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔

ایس ایس پی کے مطابق، گزشتہ دو ماہ کے دوران منشیات اور غیر قانونی ہتھیاروں کے خلاف مہم چلا کر پولیس نے تقریباً 200 کلوگرام گانجا اور 100 گرام براؤن شوگر برآمد کی ہے۔ اسمگلنگ میں ملوث 30 ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیجا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 15 غیر قانونی ہتھیار برآمد کرتے ہوئے 31 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس ایس پی دفتر اور مختلف تھانوں میں تقریباً 7,000 شکایات موصول ہوئی تھیں، جن میں سے تقریباً 80 فیصد معاملات کو نمٹا دیا گیا ہے۔ گھریلو تنازعات سے متعلق 661 شکایات میں سے 558 کو حل کیا جا چکا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande