
سیول، 26 اگست (ہ س)۔ امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان رواں سال ہونے والی سہ فریقی ’فریڈم ایج‘ مشترکہ عسکری مشقوں کی تیاری کر رہے ہیں۔ امریکی پیسیفک کمانڈ (پی اے سی او ایم) نے بدھ کے روز اس کی تصدیق کی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت کے بعد امریکہ اور جنوبی کوریا نے اپنی بعض مشترکہ عسکری مشقوں کا دائرہ کار محدود کیا ہے۔
جنوبی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یونہاپ کو پی اے سی او ایم کی ترجمان لیفٹیننٹ کمانڈر کلو مورگن نے بتایا کہ امریکی پیسیفک کمانڈ جاپان سیلف ڈیفنس فورسز اور جنوبی کوریائی مسلح افواج کے ساتھ مل کر ’فریڈم ایج 2026‘ کی تیاری کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک اہم ملٹی ڈومین مشق ہوگی، جس کا مقصد تینوں ممالک کے مابین مشترکہ اقدار کو فروغ دینا، عسکری ہم آہنگی میں اضافہ کرنا اور ہند-بحرالکاہل خطے میں امن و استحکام کے لیے دفاعی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
تاہم، امریکی کمانڈ نے یہ واضح نہیں کیا کہ رواں سال کی مشقیں گزشتہ تین ایڈیشنز کی طرح ہی بڑے پیمانے پر منعقد کی جائیں گی یا ان کے حجم اور مدت میں رد و بدل کیا جائے گا۔
’فریڈم ایج‘ عسکری مشقیں اگست 2023 میں امریکہ، جنوبی کوریا اور جاپان کے رہنماوں کے مابین منعقدہ کیمپ ڈیوڈ سربراہی کانفرنس کے اہم نتائج میں سے ایک تھیں۔ اس کا بنیادی مقصد تینوں ممالک کے مابین سہ فریقی سیکورٹی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینا تھا۔
اس سال کی مشقوں پر خصوصی نظر ہے کیونکہ ٹرمپ انتظامیہ کی ہدایت کے بعد امریکہ اور جنوبی کوریا نے اپنی دو طرفہ ’الچی فریڈم شیلڈ‘ مشقوں کی مدت اور پیمانے کو کم کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے قبل ازیں اس قسم کی مشقوں کو شمالی کوریا کے لیے ممکنہ طور پر غیر مناسب اور جارحانہ پیغام دینے والا قرار دیا تھا۔
شمالی کوریا امریکہ اور جنوبی کوریا کی عسکری مشقوں کی مسلسل مخالفت کرتا رہا ہے۔ پیانگ یانگ ان مشقوں کو حملے کی تیاری کے طور پر دیکھتا ہے اور اتحادی ممالک کے اس دعوے کو مسترد کرتا ہے کہ یہ محض دفاعی نوعیت کی ہیں۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ نے پہلے ایسی عسکری مشقوں کو غیر ذمہ دارانہ طاقت کا مظاہرہ قرار دیا تھا اور اس کے سنگین نتائج سے خبردار کیا تھا۔
وہیں، ورکرز پارٹی آف کوریا کے سینٹرل ملٹری کمیشن کے نائب صدر پاک جونگ چون نے گزشتہ سال ستمبر میں ’فریڈم ایج‘ کو جارحیت کی تیاری سے وابستہ جنگی مشق قرار دیتے ہوئے سخت جوابی کارروائی کا انتباہ دیا تھا۔
’فریڈم ایج‘ کی سابقہ مشقیں جنوبی کوریا کے جنوبی جزیرے جیجو کے ارد گرد بین الاقوامی سمندری حدود میں منعقد کی گئی تھیں۔ رواں سال مشقوں کا حقیقی حجم، مدت اور آپریشنل علاقہ تاحال واضح نہیں کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن