
دوحہ ،26اگست (ہ س )۔
امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی جاری ہے ۔گزشتہ کئی ماہ سے مذاکرات کی کوششیں اب تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی ہیں ۔جس کے سبب مغربی ایشیا میں جاری یہ کشیدگی بر قرار ہے ۔ دریں اثنا قطر نے مذاکرات کے سلسلے میں امید افزا بیان جاری کیا ہے ۔قطر نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے رابطے جاری ہیں اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر واپس لانے کے لیے مختلف تجاویز اور طریقہ کار پر غور کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ قطری حکام روزانہ کی بنیاد پر فون پر فریقین سے رابطے میں ہیں۔ماجد الانصاری کے مطابق قطر مذاکرات کی بحالی کے لیے ایران سے بھی براہِ راست رابطے میں ہے، جبکہ مذاکرات کی میز پر واپسی کے لیے مختلف خیالات اور طریقہ کار زیرِ غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان کی قیادت میں جاری ثالثی کے عمل میں فریقین کی مکمل شرکت پر زور دیا جا رہا ہے۔قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ماجد الانصاری کے مطابق قطر کی ترجیح آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی معمول کی صورتِ حال بحال کرنا ہے۔
قطر اس سے قبل بھی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور امریکہ، ایران مذاکرات کی بحالی کے لیے ثالثی کی کوششوں کی حمایت کر چکا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ