
کولکاتا، 23 اگست (ہ س)۔ کولکاتا کے شیکھا ان ہوٹل کے مالک وریشور مترا کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔اسے اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
منگل کی دیر رات نیو مارکیٹ میں مرزا غالب اسٹریٹ پر واقع شیکھا ان ہوٹل میں زبردست آگ لگ گئی تھی۔ حادثے میں 9 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں 8 بنگلہ دیشی شہری تھے۔ حادثے کے بعد ہوٹل کا مالک وریشور مترا فرار ہو گیا تھا۔
وریشور مترا نیو مارکیٹ کے علاقے میں دو ہوٹلوں کے مالک ہیں۔ ایک کا نام 'شیکھا ان' اور دوسرے کا نام 'جاپان' ہے۔ دونوں ہوٹل ایک بہت چھوٹی سی جگہ پر واقع ہے اور 'جاپان' ہوٹل 'شیکھا ان' کے بالکل سامنے ہے۔
منگل کی رات تقریبا 3 بجے 'جاپان' ہوٹل کے عملے نے سامنے واقع 'شیکھا ان' سے شعلوں کو نکلتے دیکھا۔ ہوٹل کے ملازم اندر دیو پاسوان کے مطابق، اس نے فوری طور پر ہوٹل کے مالک وریشور مترا کو فون کیا، لیکن اس نے فون نہیں اٹھایا۔
اس کے بعد سے وریشور مترا کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ پولیس اس کی تلاش کر رہی تھی۔ آخرکار اسے ہفتہ کو ڈائمنڈ ہاربر روڈ پر واقع اس کے بہالہ گھر سے گرفتار کر لیا گیا۔
تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ تقریبا پانچ ماہ قبل وریشور مترا نے ہوٹل 'شیکھا ان' کی ایک منزل ابو جعفر نامی تاجر کو لیز پر دی تھی۔ بدلے میں، جعفر ہر ماہ وریشور کو 40 ہزار روپے ادا کرتا تھا۔
حادثے میں ہونے والی اموات کے بعد ابو جعفر بھی اپنے خاندان کے ساتھ وسطی کولکاتا کے جوراسنکو میں واقع اپنے مدن موہن برمن اسٹریٹ کے گھر سے فرار ہو گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ وہ خاندان کے ساتھ اتر پردیش فرار ہونے کا منصوبہ بنا رہا تھا۔ پولیس اب پورے معاملے میں ہوٹل کے مالک سمیت دیگر متعلقہ افراد کے کردار کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی