
نئی دہلی، 23 اگست (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے قومی خلائی دن (نیشنل اسپیس ڈے) کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا، ’’آئیے، اور بھی بڑے خواب دیکھیں۔ مزید اختراعات کریں اور نئی حدوں کو پار کریں...۔‘‘ وکرم لینڈر کی کامیابی کے بعد وزیر اعظم مودی نے 26 اگست 2023 کو بنگلورو میں ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کے ہیڈکوارٹر کے اپنے دورے کے دوران 23 اگست کو ’قومی یومِ خلائی‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا تھا۔
سال 2023 میں 23 اگست کو ہندوستان نے چاند کے قطب کے قریب چندریان-3 کی کامیاب سافٹ لینڈنگ کے ساتھ ایک تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔ ہندوستان چاند پر خلائی جہاز اتارنے والا دنیا کا چوتھا اور چاند کی سطح کے جنوبی قطب کے قریب اترنے والا پہلا ملک بنا۔ وکرم لینڈر نے چاند کی سطح کا مطالعہ کرنے کے لیے پرگیان روور کو بھی چاند پر اتارا۔ وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اس تاریخی مشن کے نتائج سے آنے والے سالوں میں انسانیت کو فائدہ پہنچے گا۔
اسرو نے آج کہا، ’’ہم آپ کو آج اپنے ساتھ قومی یومِ خلائی کے طور پر منانے کا عہد کرنے کی دعوت دیتے ہیں، ساتھ ہی ہندوستان کو صفِ اول کی خلائی طاقت بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن