ہماچل پردیش میں شدید بارش سے معمولات زندگی متاثر، 100 سے زائد سڑکیں بند
شملہ، 23 اگست (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں مانسون ایک بار پھر سرگرم ہوگیا ہے۔ ہفتہ کی رات اور اتوار کی صبح کئی علاقوں میں ہوئی شدید بارش کے باعث ندی نالے اُبل پڑے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ منڈی میں گزشتہ آٹھ گھنٹوں سے موسلادھار بارش
ہماچل پردیش میں شدید بارش سے معمولات زندگی متاثر، 100 سے زائد سڑکیں بند


شملہ، 23 اگست (ہ س)۔ ہماچل پردیش میں مانسون ایک بار پھر سرگرم ہوگیا ہے۔ ہفتہ کی رات اور اتوار کی صبح کئی علاقوں میں ہوئی شدید بارش کے باعث ندی نالے اُبل پڑے ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ منڈی میں گزشتہ آٹھ گھنٹوں سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ہمیرپور، کُلّو، چمبا اور شملہ میں بھی بارش ہوئی ہے۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق اتوار کی صبح تک ریاست میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے 149 سڑکیں بند تھیں۔

سب سے زیادہ اثر منڈی ضلع میں دیکھا گیا ہے، جہاں 86 سڑکیں بند ہیں۔ کُلّو میں 31، شملہ میں 10 جبکہ چمبا اور کانگڑا میں آٹھ، آٹھ سڑکیں بند ہیں۔ منڈی-کُلّو روٹ پر کٹولا-کاماند سڑک کانڈی کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہے۔ منڈی-پٹھان کوٹ شاہراہ پر اُرلا کے قریب حفاظتی دیوار گرنے سے ٹریفک ایک طرف سے چلایا جا رہا ہے۔ چندی گڑھ-منالی قومی شاہراہ پر سات میل، جلیگی اور دواڑا میں بارش کے دوران پہاڑ سے پتھر گرنے کے خدشے کے پیش نظر احتیاطاً بارش کے وقت ٹریفک روک دیا جا رہا ہے۔ شاہراہ پر فی الحال آمدورفت بحال ہے اور ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری تعینات کی گئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں منڈی میں 111.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو ریاست میں سب سے زیادہ ہے۔ کانگڑا میں 89.0، سندر نگر میں 71.0، بگّی میں 57.1، پینڈوہ میں 53.2، مراری دیوی میں 50.0، پالَم پور میں 46.4، پاؤںٹا صاحب میں 46.2، گوہر میں 42.0 اور جوگندر نگر میں 38.0 ملی میٹر بارش ہوئی۔ منڈی میں گزشتہ رات سے مسلسل تیز بارش ہو رہی ہے۔ کُلّو ضلع میں بھی رات سے وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔ صبح کُلّو میں بارش ہوئی۔ چمبا میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ہمیرپور میں صبح ہلکی بارش ہوئی جبکہ شملہ میں بھی صبح بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث کئی ندی نالے طغیانی پر ہیں۔

سِرمور ضلع میں گری جٹون ڈیم سے پانی چھوڑے جانے کے بعد میدانی علاقوں کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں سے ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کرنے اور صورتحال پر نظر رکھنے کی اپیل کی ہے۔

بارش سے بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔ ریاست میں 60 بجلی ٹرانسفارمر اور 35 پینے کے پانی کی اسکیمیں متاثر ہیں۔ منڈی میں سب سے زیادہ 25 ٹرانسفارمر بند ہیں، جبکہ ہمیرپور میں 30 پانی کی اسکیمیں متاثر ہوئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج کچھ مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ 24 اگست کو کہیں کہیں بارش، 25 سے 27 اگست تک مختلف مقامات پر بارش اور 28 اور 29 اگست کو بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 24 سے 29 اگست تک شدید، بہت شدید یا انتہائی شدید بارش کی کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے۔

ریاست میں 30 جون سے شروع ہونے والے مانسون سیزن کے دوران بارش سے متعلق حادثات میں اب تک 224 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اس دوران 90 مکانات مکمل طور پر تباہ ہوئے ہیں، جبکہ 376 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ ریاست میں منقولہ اور غیر منقولہ املاک کو تقریباً 1,121 کروڑ روپے کے نقصان کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande