
نئی دہلی، 23 اگست (ہ س)۔ ملک کی کئی ریاستوں میں مانسون پوری رفتار سے سرگرم ہو چکا ہے۔ اس کی وجہ سے میدانی علاقوں سے لے کر پہاڑی ریاستوں تک موسم کا مزاج یکسر تبدیل ہو گیا ہے۔ دہلی-این سی آر اور اتر پردیش کے کئی حصوں میں آج صبح تقریباً ساڑھے چار بجے سے بارش ہو رہی ہے۔ بارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج دہلی-این سی آر سمیت شمال اور وسطی ہند کے کئی حصوں میں موسلادھار بارش کا اورینج اور یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
دہلی، اتر پردیش کے نوئیڈا، غازی آباد، ہریانہ کے گروگرام اور فرید آباد میں آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہیں۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ ان مقامات پر ٹھنڈی ہواوں کے ساتھ دن بھر
موسلادھاربارش ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس سے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ آئے گی اور لوگوں کو حبس زدہ گرمی سے بڑی راحت ملے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آج ملک کی 25 ریاستوں-اتر پردیش، دہلی، بہار، ہریانہ، راجستھان، اتلاکھنڈ (اتراکھنڈ)، ہماچل، پنجاب، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، اڈیشہ، آندھرا پردیش، تلنگانہ، کرناٹک، تمل ناڈو، کیرالہ، گجرات، مہاراشٹر، آسام، تریپورہ، میگھالیہ، سکم اور ناگالینڈ میں شدید بارش اور آندھی طوفان کا امکان ہے۔
میدانی ریاستوں میں اتر پردیش اور بہار کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوگی۔ اتر پردیش اور بہار کے علاوہ مدھیہ پردیش، راجستھان، پنجاب اور ہریانہ کے بھی کچھ حصوں میں بھاری سے بہت بھاری بارش ہونے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ بارش نے پہاڑی ریاستوں میں مشکلات میں کافی اضافہ کر دیا ہے۔ اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش کے کئی علاقوں میں لگاتار ہو رہی بارش کی وجہ سے زمین کھسکنے اور پہاڑوں پر لینڈ سلائیڈنگ کا سنگین خطرہ منڈلا رہا ہے۔ قومی شاہراہوں اور سڑکوں پر چٹانیں گرنے کی وجہ سے کئی مقامات پر آمد و رفت مکمل طور پر مسدود ہو گئی ہے۔ اس کی وجہ سے سینکڑوں سیاح اور مقامی لوگ راستے میں ہی پھنس گئے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن