
گواہاٹی، 23 اگست (ہ س)۔ آسام میں سیلاب کی صورتِ حال کافی حد تک معمول پر آ گئی ہے۔ سیلاب کا اثر 6 اضلاع کے 78 گاوں تک سمٹ کر رہ گیا ہے۔ حکومت نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کرا رہی ہے۔ ان اضلاع میں سب سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے 22 اگست کے اعداد و شمار کے مطابق تمام ندیاں خطرے کے نشان سے نیچے بہہ رہی ہیں۔ سیلاب میں 106 افراد کی جان گئی ہے۔
سیلاب سے متاثرہ چھ اضلاع میں شیو ساگر، جورہاٹ، دھیماجی، نگاوں، کچھار اور گولا گھاٹ شامل ہیں۔ ان اضلاع کے 13 ریونیو سرکلز کے کل 78 گاوں متاثر ہیں۔ ریاست کے کل 12,031 افراد اب بھی متاثر ہیں۔ 2,994 ہیکٹر زرعی اراضی زیرِ آب ہے۔ امدادی کیمپوں کی تعداد بھی کم ہو کر پانچ رہ گئی ہے جبکہ 6 ریلیف ڈسٹری بیوشن سینٹرز کام کر رہے ہیں۔ کیمپوں میں 162 افراد پناہ لیے ہوئے ہیں اور ریلیف سینٹرز پر 900 غیر کیمپ والے افراد امداد حاصل کر رہے ہیں۔
ریاستی حکومت سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں، پلوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے۔ متاثرین کی مدد کے لیے مالی اور دیگر ضروری سامان بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن