
کولکاتا، 22 اگست (ہ س)۔ وندے ماترم پرکر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان جاری سیاسی گھمسان کے درمیان مغربی بنگال بی جے پی کے صدر شمیک بھٹاچاریہ نے اداکارہ شرمیلا ٹیگور پر سخت حملہ کیا ہے۔ شرمیلا ٹیگور نے حال ہی میں کہا کہ مذہبی طور پر متنوع ملک میں وندے ماترم کے مکمل گیت پر کچھ برادریوں کے لوگوں کو اعتراض ہو سکتا ہے۔ ان کے اس بیان پر بی جے پی نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔
شمیک بھٹاچاریہ نے ہفتہ کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شرمیلا ٹیگور اپنی ذاتی رائے کے اظہار کے لیے آزاد ہیں لیکن انہیں تاریخ اور اپنے خاندان کے تناظر میں بھی بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا،” شرمیلا ٹیگور کو بھی بھارتیہ جنتا پارٹی یاد دلانا چاہتی ہے کہ جس تیمور نے ہندوستان پر حملہ کیا، مندروں کو تباہ کیا، لوگوں کو قتل کیا اور زبردستی مذہب تبدیل کیا، اسی کے نام پران کے گھر میں بھی ایک نام ہے۔ ان کے پوتے کا نام تیمور علی خان ہے۔ اس لیے وہ وندے ماترم کے بارے میں جتنا کم بولیں گے، اتنا ہی اچھا ہوگا۔“
دراصل، ”وندے ماترم“ کے پورے گانے پر بی جے پی اور کانگریس پارٹی کے درمیان تنازعہ جاری ہے۔ بی جے پی کی دلیل ہے کہ صرف پہلے دو بند تک محدود رہنے کے بجائے پورا گیت گایا جانا چاہیے۔
شرمیلا ٹیگور نے اس پر کہا تھا کہ ملک میں ایسے لوگ بھی ہیں جو توحید پر یقین رکھتے ہیں اور دیوی دیوتاؤں کی پوجا نہیں کرتے۔ ان کے مطابق گیت کے کچھ بند سے ایسے لوگوں کو تکلیف ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گانے کے پہلے دو بندمادر وطن کے لیے احترام اور محبت کا اظہار کرتے ہیں اور اسے بڑے پیمانے پر قبول کیا جا سکتا ہے۔
شرمیلا کے اس بیان کے بعد بی جے پی لیڈروں کی جانب سے مسلسل ردعمل سامنے آرہا ہے۔ اس سے قبل اداکارہ اور بی جے پی ایم پی کنگنا رناوت نے بھی ان کے بیان پر تنقید کی تھی۔ اب شمیک بھٹاچاریہ کے تبصروں نے اس سیاسی تنازعہ کو مزید تیز کر دیا ہے۔
شرمیلا ٹیگور کے پوتے تیمور علی خان کا نام ماضی میں کئی بار تنازعات کا شکار رہا ہے۔ سیف علی خان اور کرینہ کپور کے بڑے بیٹے کی پیدائش کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے نام کے حوالے سے کافی بحث چھڑ گئی تھی ۔ کرینہ کپور نے کہا تھا کہ ’تیمور“ کا مطلب ’فولاد‘ ہوتاہے اور انہوں نے بیٹے کا نام مضبوطی اور استقامت کی علامت کے طور پر رکھا تھا۔ اب، شمیک بھٹاچاریہ نے 'وندے ماترم' کی بحث کے درمیان اس پرانے نام کے تنازعہ کو پھر سے بھڑکا دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد