
ایل جی نے تھویسے اور کرگل ایئرپورٹ سے تجارتی شہری پروازیں شروع کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا
جموں،22 اگست (ہ س)۔
لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر وِنے کمار سکسینہ نے تھویسے اور کرگل ایئرپورٹ سے تجارتی شہری پروازیں شروع کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ضروری بنیادی ڈھانچے اور دیگر امور کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نئی دہلی میں لداخ بھون میں وزارتِ دفاع، بھارتی فضائیہ، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور یوٹی لداخ انتظامیہ کے اعلیٰ افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں دونوں ہوائی اڈوں سے شہری پروازوں کے آغاز کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے، ضابطہ جاتی اور عملی امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بھارتی فضائیہ نے نوبرا میں نئے سول ٹرمینل کی تعمیر کے لیے 5 ایکڑ اراضی مختص کرنے کی منظوری دی ہے، جبکہ تھویسے ایئرپورٹ کے رن وے کی دوبارہ کارپٹنگ کا کام جاری ہے، جسے نومبر تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ تھویسے ایئرپورٹ پر موجود پرانے چارٹرڈ ٹرمینل کی تزئین و آرائش کے بعد دسمبر 2026 سے شہری پروازیں شروع کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کو ضروری بنیادی ڈھانچے کی تفصیلات یوٹی انتظامیہ کو فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
کرگل ایئرپورٹ کے حوالے سے بھارتی فضائیہ، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور وزارتِ شہری ہوابازی کی مشترکہ ٹیم یکم ستمبر کو لیفٹیننٹ گورنر کی موجودگی میں ایئرپورٹ کا معائنہ کرے گی۔ اس دوران شہری پروازوں کے آغاز کے لیے موجودہ بنیادی ڈھانچے اور تکنیکی ضروریات کا جائزہ لیا جائے گا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تھویسے اور کرگل سے تجارتی پروازوں کے آغاز سے لداخ کے دور دراز اور سرحدی علاقوں میں فضائی رابطہ بہتر ہوگا، جبکہ ترتک، سیاچن بیس کیمپ، کرگل اور دراس جیسے اہم سیاحتی مقامات تک رسائی آسان ہونے سے سیاحت اور مقامی معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔اجلاس میں چیف سکریٹری یوٹی لداخ، وزارتِ دفاع کے جوائنٹ سکریٹری، ایئر مارشل جارج تھامس، ایئر آفیسر کمانڈنگ اِن چیف ویسٹرن ایئر کمانڈ، بھارتی فضائیہ، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر