
رام گڑھ، 22 اگست (ہ س)۔ جھارکھنڈ میں ضلع رام گڑھ کے برکاکانا او پی علاقے کے ہیہل واقع سیمنٹ اینڈ اسٹیل پلانٹ میں جمعہ کی دیر رات زبردست دھماکہ ہو گیا۔ اس حادثے میں تین انجینئروں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک انجینئر شدید طور پر زخمی ہے۔ واقعہ کے بعد فیکٹری احاطے میں افراتفری مچ گئی۔ برکاکانا تھانہ انچارج اوما شنکر ورما جائے وقوعہ پر پہنچے اور راحت و بچاو کا کام شروع کیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق شدید درجۂ حرارت کے باعث پاور پلانٹ کے سسٹم پر اثر پڑا اور پروٹیکشن سسٹم فیل ہو گیا۔ اسی دوران ٹربائن کے اوور اسپیڈ ہونے کی وجہ سے زبردست دھماکہ ہوا۔
پولیس کے مطابق اس حادثے میں جاگیشور وہار بوکارو کے ساکن ونیت مہتو، دھنباد کے سنجیو کیسری اور نگر اوٹاری، گڑھوا کے ابھشیک پانڈے کی جائے وقوعہ پر ہی موت ہو گئی۔ ضلع ہزاری باغ کے ساکن ترون روانی شدید طور پر زخمی ہیں۔
حادثے کے بعد پلانٹ میں کام کرنے والے ملازم امت کمار نے انتظامیہ کے طریقۂ کار پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پاور پلانٹ کا کنٹرول روم پہلے ہی زیادہ درجۂ حرارت ہونے کا اشارہ دے رہا تھا۔ وہاں اے سی خراب ہونے کی وجہ سے کام کرنا بھی دشوار ہو گیا تھا۔ ملازمین کی جانب سے کئی مرتبہ انتظامیہ کو اس کی اطلاع دی گئی، لیکن انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی، اور نہ ہی کولنگ کے نظام کو درست کیا گیا۔
وہیں حادثے سے مشتعل لوگوں نے ہفتہ کے روز رام گڑھ-پتراتو روڈ کو جام کر دیا۔ پولیس اور انتظامیہ معاوضے کو لے کر مشتعل افراد سے بات چیت کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن