ایم پی کے دھار کی تاریخی بھوج شالہ میں ہنومان چالیسا کا پاٹھ ہوا، مقررہ اراضی پر نماز جمعہ ادا کی گئی
ایم پی کے دھار کی تاریخی بھوج شالہ میں ہنومان چالیسا کا پاٹھ ہوا، مقررہ اراضی پر نماز جمعہ ادا کی گئی ۔ سفید پردوں سے کور کیا گیا علاقہ، دونوں طبقوں کی آمد و رفت کے راستے تھے علیحدہ علیحدہ دھار، 21 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دھار ضلع ہیڈکوارٹر م
بھوج شالہ احاطے کے پیچھے جمعہ کی نماز ادا کرتے ہوئے مسلمان


بھوج شالہ احاطے کے انٹری گیٹ پر تعینات پولیس اہلکار


ایم پی کے دھار کی تاریخی بھوج شالہ میں ہنومان چالیسا کا پاٹھ ہوا، مقررہ اراضی پر نماز جمعہ ادا کی گئی


ایم پی کے دھار کی تاریخی بھوج شالہ میں ہنومان چالیسا کا پاٹھ ہوا، مقررہ اراضی پر نماز جمعہ ادا کی گئی

۔ سفید پردوں سے کور کیا گیا علاقہ، دونوں طبقوں کی آمد و رفت کے راستے تھے علیحدہ علیحدہ

دھار، 21 اگست (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دھار ضلع ہیڈکوارٹر میں واقع تاریخی بھوج شالہ احاطے میں جمعہ کے روز دونوں طبقوں کے مذہبی پروگرام پرامن طریقے سے منعقد ہوئے۔ بھوج شالہ میں ہندو سماج نے پوجا ارچنا کر کے ہنومان چالیسا کا پاٹھ کیا، جبکہ بھوج شالہ احاطے کے پیچھے سپریم کورٹ کی جانب سے مقررہ اراضی خسرہ نمبر 612 پر مسلمانوں نے جمعہ کی نماز ادا کی۔

نماز کے پیشِ نظر انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔ بھوج شالہ اور جائے نماز، دونوں طرف بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔ جائے نماز کے چاروں طرف بیریکیڈنگ کی گئی۔ پورے علاقے کو سفید پردوں سے کور کر دیا گیا، تاکہ کہیں سے بھی کوئی داخل نہ ہو سکے۔ سپریم کورٹ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ نے دونوں فریقوں کے لیے علیحدہ علیحدہ داخلے اور اخراج کے راستے مقرر کیے تھے۔

نئے نظام کے تحت آج یہ چوتھا جمعہ تھا۔ اس بار نمازیوں کی تعداد گزشتہ جمعہ کے مقابلے زیادہ رہی۔ تقریباً 400 سے 500 نمازی مقررہ مقام پر پہنچے۔ مرکزی دروازے تک نمازیوں کی بھیڑ نظر آئی۔ جمعہ کی نماز کے دوران بھوج شالہ میں دوپہر کو ہنومان چالیسا کا پاٹھ اور بھجن کیرتن جاری رہا۔ عقیدت مند پوجا اور درشن کرتے رہے۔ گھنٹے گھڑیال، جھانجھ منجیرے اور سنکھ کی آواز گونجتی رہی۔

دراصل، گزشتہ جمعہ کو آمد و رفت کے دوران پیدا ہونے والے تعطل اور تنازع کے الزامات کے پیشِ نظر ضلع انتظامیہ نے انتظامات کو بہتر بنایا۔ کلکٹر راجیو رنجن مینا اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما نے صبح ہی بھوج شالہ احاطے، جائے نماز اور تمام رسائی والے راستوں کا معائنہ کیا تھا۔ افسران نے واضح کیا کہ تصادم سے بچنے کے لیے دونوں فریقوں کے آنے جانے کا وقت اور راستہ پوری طرح علیحدہ رکھا گیا ہے، جو صبح سے شام تک برقرار رہا۔ حساس صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے بھوج شالہ احاطے کے باہر 3-لیئر کی مضبوط سیکورٹی تعینات کی گئی تھی۔ سیکورٹی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ ہو، اس کے لیے موبائل سرویلانس وہیکل اور 180 ڈگری کیمروں کی مدد سے چپے چپے پر کڑی نظر رکھی گئی۔

دھار کے کلکٹر راجیو رنجن مینا نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق کیے گئے انتظامات پر عمل درآمد کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت مختلف ایگزیکٹو مجسٹریٹس اور پولیس افسران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے احکامات کے مطابق دونوں طبقوں کے لیے علیحدہ علیحدہ انٹری اور ایگزٹ کا انتظام حکومت کو یقینی بنانا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ امن و امان کو مدِ نظر رکھتے ہوئے آمد و رفت کے ایسے انتظامات کیے جائیں جس سے دونوں طبقوں کی آمد و رفت بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے۔

وہیں، پولیس سپرنٹنڈنٹ سچن شرما نے کہا کہ گزشتہ دو دنوں میں بھی مسلسل مختلف طبقات، سماج اور فرقوں کے جو لوگ ہمارے پاس آئے ہیں، انہیں یہی سمجھایا گیا ہے کہ حکومت، انتظامیہ اور پولیس سپریم کورٹ کے منشا کے مطابق ہی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ جمعہ کی نماز پرامن طریقے سے ہو۔ فورس ہمیں باہر سے بھی ملی ہے اور تقریباً 1,000 جوانوں پر مشتمل فورس یہاں تعینات کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکنیکل سرویلانس، ڈرون اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے سیکورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

پولیس اور انتظامیہ نے بھوج شالہ، جائے نماز اور آس پاس کے علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی ہے۔ دونوں طبقوں کی آمد و رفت کے راستے علیحدہ رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں، تاکہ امن و امان برقرار رہے۔

بھوج اتسو سمیتی کے سرپرست وشواس پانڈے نے کہا کہ ہم تو ہر جمعہ کو ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرتے آئے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ہمیں طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک پوجا کا جو حق ہندو سماج کو ملا ہے، اسی کے تحت ہم پوجا پاٹھ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نماز سے ہمارا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ہمیں تو صرف طلوعِ آفتاب سے غروبِ آفتاب تک پوجا کا جو حق ملا ہے، ہم عدالتی حکم کے تحت اس پر عمل کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ بھوج شالہ ہندووں کا مندر ہے، ماں سرسوتی کا استھان ہے۔ ہر جمعہ ہی کیا، ہم تو روزانہ ماں کی پوجا کرتے ہیں۔ ہمارے پوجا پاٹھ کا جو سلسلہ ہے، وہ بدستور جاری ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande