
نئی دہلی، 21 اگست (ہ س)۔ صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جے پی نڈا نے پارلیمنٹ اسٹریٹ پولیس اسٹیشن کے باہر راہل گاندھی کے دھرنادینے پران کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک ایک بار پھر راہل گاندھی کی سستی شہرت اور سرخیاں بٹورنے والی سیاست کا مشاہدہ کر رہا ہے۔ ان کا احتجاج صرف میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ہے۔میڈیا کے افراد کے ساتھ بات چیت کے دوران، جے پی نڈا نے الزام لگایا کہ دھرنا نہ تو طلباءکے مفاد میں ہے اور نہ ہی انصاف کے لیے، بلکہ کانگریس کی سیاسی مایوسی اور راہل کی میڈیا میں رہنے کی کوشش کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی 20 جولائی کے واقعے کا نوٹس لے چکی ہے اور ایک سابق جج کی سربراہی میں پانچ رکنی اعلی سطحی کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں جب ملک کی سپریم کورٹ معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے تو پولیس اسٹیشن کے باہر کیمروں کے سامنے راہل کا دھرنا عدلیہ پر ان کے عدم اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا مظاہرہ صرف سرخیوں میں رہنے کی کوشش ہے۔
نڈا نے کہا کہ اگر اس پوری پیش رفت کے وقت پر نظر ڈالی جائے تو یہ واضح ہے کہ کانگریس کو اس وقت وندے ماترم تنازعہ پر ملک بھر میں تنقید کا سامنا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عوام قومی گیت کی توہین اور کانگریس کے ایک سینئر رہنما کی طرف سے ترنگا کی شکل کا کیک کاٹنے کے لیے جوابات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نیا سیاسی ڈرامہ راہل نے تنازعہ سے توجہ ہٹانے اور اپنے ملک دشمن امیج کو چھپانے کے لیے بنایا ہے۔ انہوں نے کہا، کانگریس ایک فرقہ وارانہ جماعت ہے۔ اب کانگریس نوجوانوں اور طلباءکے مستقبل کو بھی تباہ کرنا چاہتی ہے۔ راہل کو سمجھنا چاہیے کہ عوام ان کی ہٹ اینڈ رن پالیسی کو سمجھ چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی